عوام خبردار! شام 5 سے رات 1 بجے کے دوران لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری

Apr 14, 2026 | 16:53:PM
عوام خبردار! شام 5 سے رات 1 بجے کے دوران لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاور ڈویژن نے عوام کے لیے شام 5 بجے سے رات 1 بجے کے دوران بجلی لوڈشیڈنگ کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں بجلی مزید مہنگی کرنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے بجلی کی پیداواری لاگت اور صارفین کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کے حوالے سے اہم اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جولائی تا فروری بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 46 ارب روپے کا ریلیف پہنچایا گیا ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں ایندھن مہنگا ہونے کے باوجود بہتر حکمت عملی سے بجلی کی قیمت میں 71 پیسے کمی لائی گئی۔

ترجمان پاور ڈویژن نے واضح کیا کہ حکومت کو اس وقت ‘پیک آورز’ میں بجلی کی کھپت میں اضافے کا بڑا چیلنج درپیش ہے، اس صورتحال سے نمٹنے اور مہنگے ایندھن کے استعمال کو کم کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شام 5 بجے سے رات 1 بجے کے درمیان روزانہ اوسطاً سوا دو گھنٹے بجلی بند (لوڈ مینجمنٹ) کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر یہ لوڈ شیڈنگ نہ کی گئی تو بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے فی یونٹ تک مزید اضافہ ہو سکتا تھا،ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر مقامی گیس کی فراہمی یقینی بنائی گئی جس سے فی یونٹ قیمت میں 80 پیسے اضافے کو روکا گیا۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر بروقت انتظامی اقدامات اور ترسیلی نظام میں بہتری نہ لائی جاتی تو بجلی کی قیمتوں میں 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک اضافہ ہو سکتا تھا۔

تاہم، فرنس آئل کا استعمال محدود کرنے کے باوجود صارفین کو 1.5 روپے فی یونٹ اضافے کے لیے تیار رہنا ہوگا،پاور ڈویژن نے تجویز دی ہے کہ اگر کمرشل مارکیٹس کو وقت پر بند کر دیا جائے تو بجلی کی طلب میں کمی لا کر قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مزید روکا جا سکتا ہے۔

ترجمان نے اطمینان دلایا کہ عالمی حالات کے باوجود ملک میں بجلی کی پیداوار مستحکم اور قومی ضرورت کے مطابق ہے۔

 
 یہ بھی پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت اختتام