شہباز شریف کی محمود عباس سے ملاقات،فلسطینی صدر نےسیاسی و سفارتی مدد پر شکریہ ادا کیا

  وزیراعٖظم کی آرمینیا اور آذربائیجان کے صدور سے بھی غیر رسمی ملاقات ،علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

Oct 13, 2025 | 19:28:PM
شہباز شریف کی محمود عباس سے ملاقات،فلسطینی صدر نےسیاسی و سفارتی مدد پر شکریہ ادا کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی شرم الشیخ میں منعقدہ امن سربراہ اجلاس کے موقع پر فلسطین کے صدر محمود عباس کے ساتھ خوشگوار ملاقات،بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی ملاقات و گفتگو میں شریک تھے.صدر محمود عباس نے فلسطینیوں کا ہمیشہ سے ساتھ دینے اور انکی سیاسی و سفارتی محاذ پر مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا.  وزیراعٖظم نےآرمینیا اور آذربائیجان کے صدور کے ساتھ  بھی غیر رسمی ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کی شرم الشیخ میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط سے پہلے گرمجوشی سے غیر رسمی ملاقات اور گفتگو ہوئی. دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ فلسطین اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعقات مثالی ہیں جس پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو ناز ہے. وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے غزہ کے بہادر عوام کو گزشتہ برسوں میں ہمت و بہادری سے صعوبتیں برداشت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا. دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے میں امن و فلسطینیوں کی ترقی کا پیش خیمہ قرار دیا.

 اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمینیا کے صدر اور آذربائیجان کے صدر سے بھی غیر رسمی ملاقات کی،دونوں ممالک جن کے درمیان ابھی کچھ عرصہ پہلے صلح ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں طے پانے والے تاریخی امن معاہدے پر دونوں صدور کو مبارکباد دی۔غیر رسمی ملاقات میں غزہ امن معاہدے سمیت علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمینیا اور آذربائجان کے درمیان حال ہی میں تاریخی تنازعہ پر امن معاہدہ طے پایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزیراعلیٰ کا انتخاب غیر آئینی عمل،نون لیگ اور جے یو آئی میں اتفاق