شکار پور : قبائل میں تصادم، مخالفین کے گھر پر راکٹ لانچر سے حملے، 5 افراد جاں بحق

Nov 13, 2025 | 08:51:AM
شکار پور : قبائل میں تصادم، مخالفین کے گھر پر راکٹ لانچر سے حملے، 5 افراد جاں بحق
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عبدالجبار ابڑو) شکارپور میں گھر پر راکٹ لانچر سے حملہ ، 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق شکارپور کے نواحی علاقے ٹاؤن چک کے قریب گوٹھ بیچانجی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، بڈانی قبیلے کے مسلح افراد نے شر قبیلے کے ایک گھر پر حملہ کیا، حملہ آوروں نے گھر کو گھیرے میں لینے کے بعد راکٹ لانچر فائر کیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔

دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں گھر میں موجود 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں گھر کا مالک عبدالخالق شر، اس کے دو بیٹے خالد شر اور راجا شر، بھائی عبدالستار شر اور مہمان عبدالجبار شر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ ہے، لاشیں ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی گئیں، علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے جبکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:دہشت گردی کیخلاف پاکستان کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے: چین کا اعلان

ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ نے واقعے کا نوٹس لیا اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ کرکے ملوث ملزمان کا تعاقب کرنے کا حکم دیا۔

ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ کی قیادت میں پولیس نے وڈو بڈانی جتوئی گینگ کے خلاف بڑے پیمانے پر تابڑتوڑ ایکشن کا آغاز کردیا۔
وڈو بڈانی علاقے کے حکیم بڈانی، مولا بخش بڈانی اور شعبان بڈانی گینگ کے خلاف پولیس کا آپریشن جاری ہے۔
 آپریشن کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
 ایس ایس پی شکارپور کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں تحویل میں لینے کیلئے اور زخمیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھیں:امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن ختم، ایوان نمائندگان میں بھی حکومتی اخراجات سے متعلق  بل منظور
ایس ایس پی  شاہزیب چاچڑ نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ملزمان شر برداری کے 5 افراد پر حملے اور قتل کی واردات میں ملوث تھے ،قتل میں ملوث دیگر ملزمان کو ایک ہی پیغام ہے وہ خود کو قانون کے حوالے کردیں یا مرنے کیلئے تیار رہیں 
ایس ایس پی شکارپور نے کہا کہ قبائلی تکرار کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔