وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سےملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Jul 13, 2025 | 21:47:PM
وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سےملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
کیپشن: وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سےملاقات
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ویب ڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایران کے سرکاری دورے کے پہلے روز ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تہران میں زائرین، سرحد کے مسائل اور دیگر معاملات پر سہ ملکی کانفرنس ہوگی۔

 وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات کی  جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک-ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا،ایران کے وزیرداخلہ نے کہا کہ اپنے بھائی کو ایران آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، یقیناً آپ کا دورہ پاک-ایران تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، امید ہے کہ پاکستان، ایران اور عراق سہ ملکی کانفرنس سے زائرین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی،محسن نقوی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی تہران میں زائرین اور سرحدی مسائل منعقد ہونے والی سہ ملکی کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس میں ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ بھی شریک ہوں گے،تہران میں زائرین، بارڈر اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کے لیے پاکستان کی درخواست پر  سہ ملکی کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اس دورے میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 26 اراکین کی معطلی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات بے نتیجہ ختم