پاکستان انٹرنیشنل اولیو کونسل کا مکمل رکن بن گیا، زیتون کی صنعت کے لیے نئی راہیں کھل گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی کاوشوں سے پاکستان نے انٹرنیشنل اولیو کونسل (IOC) کی تاریخی رکنیت حاصل کر لی جس کے بعد پاکستان کی زیتون کی صنعت کے لیے عالمی منڈیاں کھل گئی ہیں۔
رکنیت حاصل ہونے کے بعد پاکستانی زیتون کے تیل کو عالمی معیار اور سرٹیفکیشن تک رسائی حاصل ہو گئی ہے، جس سے برآمدات اور عالمی تجارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ آئی او سی کی رکنیت سے پاکستان کی زیتون صنعت میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی اور یہ شعبہ پاکستان کی زرعی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا،زیتون کی برآمدات سے ملکی زرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جبکہ حکومت زیتون کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
رانا تنویر حسین کے مطابق پاکستانی زیتون کے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ پیداوار اور معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ زیتون کی صنعت کو دیہی معیشت کی مضبوطی کا ذریعہ بنایا جائے گا،پاکستان کا زیتون کا تیل جلد عالمی منڈیوں میں نمایاں مقام حاصل کرے گا اور اس شعبے کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی زرعی برآمدات میں زیتون ایک اہم حصہ بنے گا جبکہ حکومت زیتون کے شعبے کو پائیدار زرعی ترقی کا ماڈل بنانا چاہتی ہے۔
رانا تنویر حسین کے مطابق آئی او سی کی رکنیت پاکستان کے لیے عالمی سطح پر نئی پہچان ہے اور پاکستانی زیتون کی کوالٹی کو عالمی معیار کے مطابق بنانے پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیتون کی کاشت سے پانی کے بہتر استعمال اور ماحولیاتی تحفظ کو بھی فروغ ملے گا جبکہ پاکستان کا زیتون کا شعبہ جلد برآمدی معیشت کا مضبوط ستون بن کر ابھرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران سمر کیمپس کی اجازت