حکمران جماعت کا گلگت بلتستان میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ

Jun 12, 2026 | 21:13:PM
حکمران جماعت کا گلگت بلتستان میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف  نے اتحادی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی وہاں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے جمہوری روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پارٹی کے منتخب اراکین حکومت سازی کے لیے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ جمہوری اقدار اور سیاسی رواداری کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اتحادی سیاست میں احترام اور باہمی اعتماد کو ہمیشہ مقدم رکھا گیا ہے اور یہی روایت آئندہ بھی برقرار رکھی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے وزیراعظم کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کی اکثریت کو تسلیم کرنا جمہوری روایت کا تسلسل ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے حکومت سازی کی دعوت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اتفاقِ رائے کے نتیجے میں گورنر گلگت بلتستان اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے مسلم لیگ (ن) کے پاس ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ عزت و احترام کا رشتہ مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :وفاقی بجٹ میں سندھ کی سڑکوں کیلئے کون سی رقوم مختص ہوئیں؟