پنجاب اورکےپی کے بیشترعلاقوں میں بارش،محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احسن عباسی،طلحہٰ اشرف)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کےمطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم شدید گرم رہنےکا امکان ہے،جبکہ رات آندھی کےساتھ چند مقامات پربارش کی توقع ہے،اس کے علاوہ مری،گلیات،اٹک اورچکوال میں بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کےمیدانی علاقوں میں تیزاورگرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ تلہ گنگ،جہلم،راولپنڈی میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے،اس کےعلاوہ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ،رات کےاوقات میں چترال، دیر،سوات،مالاکنڈ میں گرج چمک کےساتھ بارش ہوسکتی ہے،مانسہرہ،شانگلہ،کوہستان،ایبٹ آباد سمیت کئی علاقوں میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ظاہرکیاگیاہے۔
یہ بھی پڑھیں:خواجہ آصف کی سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافہ کی مخالفت، مالی فحاشی قرا ر دیدیا
سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار ہے اورموسم گرم اور مرطوب رہے گا،شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں،شہرکاموجودہ درجہ حرارت 32ڈگری سینٹی گریڈ ہے اورگرمی کی شدت 37ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے اورمغربی سمت سے 20 سے 22کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 60فیصد سے زائد ریکارڈکیاگیاہے-
باغوں کے شہر لاہور میں بھی گرمی کے تابڑ توڑ حملے جاری ہیں اورانسانوں کے ساتھ ساتھ چرند پرند بھی گرمی سے نڈھال ہیں،صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیااوردن کے اوقات میں پارہ 45 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا نمی کا تناسب نہ ہونے کے برابرہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران لاہورمیں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،اتوار کےروز آسمان پر کالے بادل چھا سکتے ہیں تاہم بارش نہیں ہوگی۔
این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ13 تا 16جون تک پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، بالائی علاقوں بشمول پوٹھوہار ریجن، راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کی توقع ہے،اس کے علاوہ خیبر پختونخواہ کے متعدد علاقوں میں موسم گرم رہنے اور گرمی کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخواہ کے چند اضلاع بشمول چترال، دیر، ہری پور،کرک، کوہاٹ، کوہستان میں آندھی اورطوفان کے ساتھ بارش کی توقع ہے،خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ،چارسدہ میں بھی آ ندھی طوفان کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:18فیصد سیلز ٹیکس، سولر پینلز کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ
این ڈی ایم اے کاکہناہے کہ ایبٹ آباد، بنوں،ہزارہ،پشاور، صوابی، سوات اور وزیرستان کے علاقوں میں آندھی طوفان کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں 13تا18 جون تک موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں بھی گرمی کی شدت میں اضافے کی توقع ہے، استور، سکردو، ہنزہ،شگر، باغ اور نیلم وادی میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ،عوام گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،پانی اور مشروبات پئیں،سایہ دار جگہوں پر رہیں،بچوں بزرگوں اور بیمار افراد کا خیال رکھیں،چھوٹے بچوں اور پالتو جانوروں کو کھڑی گاڑیوں میں اکیلا نہ چھوڑیں،شدید دھوپ کے اوقات میں بیرونی سرگرمیوں سے گریز کریں،اگر دھوپ میں نکلنا نہایت ضروری ہو تو ضروری حفاظتی اقداما ت یقینی بنائیں۔