پانچ ممالک پاکستان کے کروڑوں ڈالر کے مقروض نکلے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان اگرچہ مختلف ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کا مقروض ہے، لیکن ایک حالیہ آڈٹ رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا کے پانچ ممالک پاکستان کے بھی بڑے ڈیفالٹر ہیں۔ ان ممالک پر پاکستان کے کروڑوں ڈالر واجب الادا ہیں، جن کی ادائیگی گزشتہ چار دہائیوں سے التوا کا شکار ہے۔
رپورٹ کے مطابق سری لنکا، بنگلا دیش، عراق، سوڈان اور گنی بساؤ پاکستان کے مجموعی طور پر 30 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کے نادہندہ ہیں۔ ملکی کرنسی میں اس رقم کی مالیت 86 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ یہ رقوم 1980 اور 1990 کی دہائی میں ان ممالک کو دیے گئے ایکسپورٹ کریڈٹ کے تحت واجب الادا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کل بھی چھٹی کا اعلان ،نوٹیفکیشن جاری
اعداد و شمار کے مطابق عراق پر سب سے زیادہ 23 کروڑ 13 لاکھ ڈالر واجب الادا ہیں، جبکہ سوڈان سے 4 کروڑ 66 لاکھ ڈالر وصول کرنے ہیں۔ بنگلا دیش پر شوگر پلانٹ اور سیمنٹ کی مد میں 2 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کا قرض ہے، جبکہ گنی بساؤ پر 36 لاکھ 53 ہزار ڈالر کی رقم باقی ہے۔
آڈیٹر جنرل کے دفتر نے یہ ریکوری پہلی بار مالی سال 2006-07 میں نشاندہی کی تھی۔ وزارت اقتصادی امور کے حکام کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ کے ذریعے ڈپلومیٹک چینلز، مشترکہ وزارتی کمیٹیوں اور دیگر سفارتی ذرائع سے بارہا کوششیں کی گئیں۔ ان ممالک کو یاد دہانی کے خطوط اور ڈیمانڈ نوٹس بھی بھیجے گئے، تاہم اب تک کوئی خاطر خواہ پیشرفت نہیں ہو سکی۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ واجب الادا رقوم کی ریکوری کے لیے معاملہ اعلیٰ ترین سطح پر اٹھایا جائے تاکہ پاکستان اپنے مالی نقصانات کو کم کر سکے اور قومی خزانے میں یہ خطیر رقم واپس لائی جا سکے۔