صدر، وزیراعظم،وزیر داخلہ کا بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین 

Aug 12, 2025 | 12:45:PM
صدر، وزیراعظم،وزیر داخلہ کا بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایک بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ چار روز میں 50 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی مہارت اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک افغان سرحد سمبازا پر خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔

یہ بھی پڑھیں:ژوب میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4روز میں بھارتی حمایت یافتہ 50 خوارج ہلاک

وزیراعظم نے سمبازا میں پہلے47 اور کل 3 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجیوں کو ہلاک کرنے پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان شب و روز ارضِ وطن کو دہشت گردوں سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیں، افواج پاکستان کو مجھ سمیت پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے غیرمتزلزل عزم میں قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئےکہا بلوچستان میں امن سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش ناکام بنادی گئی، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔