برآمدات پر مبنی صنعت، ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے نا گزیر ہے : وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی صنعت، ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر ہے،حکومت اپنی توجہ برآمدات میں اضافے اور صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے ہر مزکور کئے ہوئے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کے لیے، جو برآمدات میں اضافے کے حوالے سے اہم ہیں، حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایسے نئے کاروباروں اور صنعتوں کے فروغ کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کی جائے جو ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں،ملکی صنعت اور تجارت میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور جدت، ملکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت دلانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی،پالیسی مسودے پر اجلاس میں بحث بھی کی گئی اور شرکاء نے اپنی اپنی رائے اور تجاویز پیش کیں۔
یہ بھی پڑھیں : کفایت شعاری مہم میں 13 جون 2026ء تک توسیع کر دی گئی