افغان شہریوں کوپاکستانی پاسپورٹ کا اجراء،تفتیش میں اہم انکشافات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ کے اجراء کے معاملے پر ایف آئی اے کی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔
حکام کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ ایک منظم مجرمانہ نیٹ ورک غیر قانونی طور پر افغان شہریوں کو پاکستانی شہری ظاہر کر کے پاسپورٹ جاری کرانے میں ملوث ہیں،یہ نیٹ ورک جعلی، بوگس، ردوبدل شدہ اور دھوکا دہی پر مبنی دستاویزات مثلاً فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC)، کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات تیار اور استعمال کرتا تھا تاکہ غیر ملکی شہریوں کو پاکستانی شہری ظاہر کیا جا سکے اور انہیں پاسپورٹ حاصل کرنے میں مدد دی جا سکے،معلومات کے مطابق کل 72 افغان شہریوں کو کراچی کے پاسپورٹ آفس عوامی مرکز برانچ سے پاکستانی پاسپورٹ جاری کیے گئے۔
یہ بھی معلوم ہواہے کہ یہ پاسپورٹ مقررہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور درخواست دہندگان کی شناخت و شہریت سے متعلق اہم حقائق کو چھپاتے ہوئے جاری کیے گئے،اطلاع کی بنیاد پر ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کراچی میں انکوائری درج کی گئی، بعد ازاں تفتیشی افسر اور اسٹاف نے کراچی کے ریجنل پاسپورٹ آفس (صدر) سے تمام 72 درخواست فارم اور متعلقہ ریکارڈ حاصل کر کے موقع پر ہی قبضے میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کو گندم فراہمی کے احکامات پر وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں؛فیصل کریم کنڈی
ابتدائی جانچ سے ان درخواستوں میں متعدد مشکوک پہلو، منظم بے ضابطگیاں اور واضح ردوبدل سامنے آیا،جانچ سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ کئی پاسپورٹ جعلی یا مشتبہ دستاویزات کی بنیاد پر جاری کیے گئے، متعدد کیسز میں فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات میں تضادات، بے قاعدگیاں اور مشکوک علامات پائی گئیں، کئی درخواستوں میں تصاویر میں ردوبدل یا ٹیمپرنگ کے شواہد بھی ملے جس کا مقصد اصل شناخت کو چھپانا تھا، اسی طرح مختلف درخواستوں میں ایک جیسے اور بار بار استعمال ہونے والے رابطہ نمبرز پائے گئے جو بظاہر غیر متعلقہ افراد کے نام پر درج تھے۔