شین وارن کی موت، سابق اہلیہ کا دل دہلا دینے والا انکشاف سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) آسٹریلیا کے مشہور کرکٹر شین وارن کی سابق اہلیہ سائمون کیلاہن نے پہلی بار ان جذباتی لمحات کے بارے میں بات کی ہے جب انہیں معلوم ہوا کہ کرکٹ لیجنڈ شین وارن اب اس دنیا میں نہیں رہے۔
سائمون نے یہ انکشاف اپنے بیٹے جیکسن کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران کیا، ان کے مطابق مارچ 2022 کی وہ رات بالکل عام سی تھی لیکن اچانک آنے والے پیغامات نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی سمر کو لینے کے لیے گھر واپس جا رہی تھیں جب انہیں محسوس ہوا کہ کچھ ٹھیک نہیں ہے، ایک پیغام میں ان سے جلدی پہنچنے کا کہا گیا، جس سے انہیں اندازہ ہو گیا کہ کوئی بری خبر ہے، سائمون کے مطابق اس لمحے ان کی زندگی ہمیشہ کے لیے بدل گئی۔
یہ بھی پڑھیں:امریکہ کو بڑا جھٹکا،ایران، چین کا نیا ٹریڈ روٹ سامنے آگیا
شین وارن 52 سال کی عمر میں تھائی لینڈ کے جزیرے کوہ ساموئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے، ان کی اچانک موت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری کرکٹ دنیا کو صدمے میں ڈال دیا تھا۔
سائمون نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں ان کے بچوں،بروک، جیکسن اور سمر پر بہت دباؤ تھا کیونکہ انہیں جنازے اور یادگاری تقریبات کی تیاری بھی کرنی پڑی۔ ان کے مطابق یہ وقت ان کے لیے بہت تکلیف دہ اور ذہنی طور پر بھاری تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو دیکھ کر بہت پریشان تھیں، کیونکہ وہ بہت کم عمر تھے اور اس بڑے صدمے سے گزر رہے تھے۔
شین وارن کو کرکٹ کی تاریخ کے بہترین سپن بولرز میں شمار کیا جاتا ہے، انہوں نے 145 ٹیسٹ میچوں میں 708 وکٹیں حاصل کیں اور دنیا بھر میں اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے شہرت حاصل کی۔