گرمی کے ستائے عوام کیلئے خوشخبری!محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حاشر وڑائچ،اقصی شیخ ،ثمرہ فاطمہ)محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور لاہورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں شام اور رات کے اوقات کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گزشتہ چند روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے اوقات میں پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔
شہر میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے اور ہواؤں کی رفتار 7 کلو میٹر فی گھنٹہ تک رہ سکتی ہے، محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 11 سے 13 مئی کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث موسم میں تبدیلی متوقع ہے،لاہور سمیت مختلف شہروں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق صبح سویرے سورج مدھم کرنیں بکھیرتا نظر آیا اور شہر میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، اس وقت شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ہواؤں کی رفتار تقریباً 10 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد بتایا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش کا امکان 10 فیصد تک ہے۔
کراچی میں مطلع صاف اور موسم گرم و مرطوب ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے باعث گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس آج ہوگا
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گرمی کی شدت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج شام سے 12 مئی تک پنجاب کےبیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے ،لاہور ، راولپنڈی ، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے،سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاوالدین میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اےکاکہنا ہےکہ سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے،صوبہ بھر کےکمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔