زلزلے کے جھٹکے، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے

Apr 10, 2023 | 10:34:AM
زلزلے کے جھٹکے، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللّٰہ میں 3.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز قلعہ سیف اللّٰہ سے 40 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا،ذرائع کے مطابق زلزلے کے سبب کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
 یہ بھی پڑھیں: روپیہ کمزور، ڈالر تگڑا ہو گیا

 زلزلے کیوں آتے ہیں؟

      زلزلے قدرتی آفت ہیں جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے، پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔

      زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں میں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔

      کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، مکران سے ایبٹ آباد اور گلگت سے چترال تک تمام شہر زلزلوں کی زد میں ہیں، جن میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے حساس ترین شمار ہوتے ہیں۔ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں حساس ترین ملک ہے۔

      پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر واقع ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے۔ یوریشین پلیٹ کے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری ہے۔ پاکستان کے دو تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ وقفے وقفے سے آتا رہتا ہے۔