حکومتی پیشکش مسترد ۔۔جس حکومت کو نہیں مانتے اس کا ڈپٹی چیئر مین سینٹ کیسے بنوں،غفور حیدری

Mar 09, 2021 | 18:39:PM
 حکومتی پیشکش مسترد ۔۔جس حکومت کو نہیں مانتے اس کا ڈپٹی چیئر مین سینٹ کیسے بنوں،غفور حیدری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے ڈپٹی چیئر مین سینٹ کے عہدے کی حکومتی پیشکش کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینٹ کے پاس تمام جماعتوں کے ارکان بیٹھے تھے، ملاقات کے دوران کوئی گفتگو نہیں ہوئی لیکن اس کے بعد پرویز خٹک نے گفتگو میڈیا کے سامنے کی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومتی وزیر کی میڈیا کے سامنے اس طرح کی گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، جس حکومت کو اپوزیشن تسلیم نہیں کرتی اس حکومت کی پیشکش کی کوئی حیثیت نہیں ہے، جبکہ پی ڈی ایم نے جو فیصلہ کیا ہے ہم اس کے پابند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم مکمل طور پر متحد اور متفق ہے، حکومتی وزیر اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لئے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔قبل ازیں وزیر دفاع پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے عبدالغفور حیدری کو آفر کی ہے کہ ہمارے ڈپٹی چیئرمین سینٹ بن جائیں۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے جے یو آئی جبکہ ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کیلئے مسلم لیگ (ن) سے متفقہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں طاہر بزنجو، راجہ پرویز اشرف، حافظ عبدالکریم، میاں افتخار، جہانزیب جمالدینی و دیگر اپوزیشن رہنماو¿ں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے نام پر حتمی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی کمیٹی نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی نشست پر جمعیت علمائے اسلام جب کہ سینٹ اپوزیشن لیڈر کیلئے مسلم لیگ (ن) سے امیدوار لانے پر اتفاق کیا، دونوں عہدوں کے لئے ناموں کا حتمی اعلان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے چیئر مین سینٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی کو متفقہ طور پر امید وار نامزد کیا ہے۔