وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی کاروباری برادری سے بجٹ تجاویز پر مشاورت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کاروباری برادری سے بجٹ تجاویز پر مشاورت کی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آج اسلام آباد میں ایف پی سی سی ، لاہور ، کراچی ، پشاور اور دیگر چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں سے مشاورت کی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ملک بھر کی چیمبرز آف کامرس کے صدور اور نمائندوں سے ورچوئل ملاقات ہوئی۔ اس ورچوئل اجلاس میں اجلاس میں آئندہ بجٹ، موجودہ معاشی صورتحال اور اقتصادی بحالی کے اقدامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں وزارتِ خزانہ اور ریونیو ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیر خزانہ نے نجی شعبے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، حکومت مالیاتی نظم و ضبط کے اقدامات کر رہی ہے۔ بیرونی ادائیگیوں کی بہتری اور کمزور طبقات کے تحفظ کے اقدامات کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
اورنگ زیب نے بتایا کہ پاکستان کو علاقائی تجارت، لاجسٹکس اور ٹرانس شپمنٹ حب بنانے کے مواقع موجود ہیں۔ ان مواقع سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔ معیشت کی بہتری اور ترقی کے لیے تجاویز پیش کی جائیں۔
کاروباری رہنماؤں نے برآمدات کے فروغ کی تجاویز پیش کیں۔
تاجروں نے کاروباری لاگت میں کمی، سرمایہ کاری میں اضافے کی تجاویز پیش کیں۔
صنعتکاروں نے انفراسٹرکچر کی بہتری اور پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنانے کی تجاویز پیش کیں۔
تاجروں نے لیکویڈیٹی بہتر بنانے، نئی منڈیوں تک رسائی کی تجاویز دیں ۔
تاجروں نے صنعتی شعبے کو سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا، حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا کہ قابلِ عمل تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ تمام سفارشات کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔
