بجلی تقسیم کار کمپنی میں بھرتیوں کا آغاز،کتنی تنخواہ اورمراعات ملیں گی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بجلی تقسیم کار کمپنی پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)میں جونیئر انجینئرز کی بھرتیوں کا آغاز کر دیا گیا ۔
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) میں جونیئر انجینئرز کی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیاں اوپن کوٹے پر کی جائیں گی۔
اس حوالے سے پیسکو کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ جونیئر انجینئرز کو ماہانہ ایک لاکھ 48 ہزار 371 روپے پیکیج دیا جائے گا، تقرری کا ابتدائی دورانیہ ایک سال ہوگا تاہم کارکردگی کی بنیاد پراس میں توسیع ممکن ہے۔
ملازمت حاصل کرنے والوں کے لیے پیسکو میں کم از کم دو سال سروس انجام دینے کی شرط عائد ہو گی، جونیئر انجینئرز سے سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزیدکہا گیا ہے کہ کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو پنشن کی سہولت نہیں ملے گی،تاہم وہ گریجویٹی اور پیسکوپالیسی کے مطابق مراعات کے حق دار ہوں گے، سالانہ 25 دن کی چھٹی کی سہولت ہو گی، ٹریولنگ الاؤنس پیسکو قواعد کے مطابق دیا جائے گا، انہیں ادارے کی ضرورت کے مطابق کسی جگہ بھی تعینات کیا جا سکے گا، تاہم کنٹریکٹ ملازمین کو سنیارٹی لسٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:کینجھر جھیل پر 500 میگاواٹ کے فلوٹنگ سولر پاور پروجیکٹ کی منصوبہ بندی مکمل
نوٹیفکیشن میں بد عنوانی یا غفلت کی صورت میں فوری برطرفی کی شق بھی شامل ہے اورایک ماہ کے نوٹس یا تنخواہ کے عوض کنٹریکٹ ختم بھی کیا جا سکتا ہے۔