9 مئی تاریخ کا ہولناک، افسوسناک اور شرمناک دن ہے، عظمیٰ بخاری

May 08, 2024 | 13:41:PM
9 مئی تاریخ کا ہولناک، افسوسناک اور شرمناک دن ہے، عظمیٰ بخاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا ہولناک، افسوسناک اور شرمناک دن ہے، پوری دنیا میں مہذب قومیں اپنے شہداء کو ماتھے کا جھومر سمجھتی ہیں، لیکن "سیاسی انتہا پسند گروہ" نے پاکستانی قوم کے فخر شہداء کے مجسموں کو بے دردی سے جلایا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 9مئی کے لمحات یاد کرکے ہر محب وطن پاکستانی کا دل خون کے آنسو روتا ہے، ایک "سیاسی انتہا پسند گروہ" نے افواج پاکستان پر چڑھائی کرنے کی منظم سازش کی، 9 مئی پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی جس کا ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی ہے،انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر منظم پلاننگ سے حملے پاک فوج کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی سازش تھی، شہداء کے مجسموں کو جلایا گیا یادگاروں کی توہین کی گئی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تذلیل اصل میں شہداء کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی توہین کے مترادف ہے، ایک سال بعد بھی 9مئی کے کرداروں اور سہولت کاروں کو سزائیں نہ ملنا نظام عدل پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، ہزاروں کی تعداد میں ویڈیو، تصویریں اور آڈیو کالز بطور ثبوت موجود ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ثبوتوں کے باوجود ایک بھی عدالت نے کسی شرپسند کو سزا نہیں سنائی، شہداء کے لواحقین عدالتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ نو مئی کے ملزمان کو کب کیفر کردار تک پہنچایا جاتا ہے،جب تک نو مئی کے ملزمان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : 9 مئی پر آزاد کمیشن بنا کر تحقیقات ،ملوث عناصر کوسزا دی جائے: عارف علوی