شہباز شریف سے سوال پوچھنے سے پہلے عوام کو اپنی سازشوں کا جواب دو: مریم اورنگزیب کا عمران خان کو جواب

May 08, 2023 | 18:53:PM
شہباز شریف سے سوال پوچھنے سے پہلے عوام کو اپنی سازشوں کا جواب دو: مریم اورنگزیب کا عمران خان کو جواب
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) مریم اورنگزیب نے عمران خان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سے سوال پوچھنے سے پہلے عوام کو اپنی سازشوں کا جواب دو، عدت میں شادی، بچی کے والد ہونے کا الزام لگنے کا انتظار باقی ہے؟۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بہروپیے حق صرف آئین اور قانون کے تحت ہیں، ہر شہری اپنے حقوق کے تحفظ کا پورا قانونی حق رکھتا ہے، جس کا تقاضا ہے کہ تھانے اور عدالت جائیں، ثبوت دیں، آئینی حق ٹویٹر، ریلی اور جلسوں پہ نہیں ملتا بلکہ ثبوت لے کر عدالت اور تھانے جاؤ۔

انہوں نے کہا کہ 35 پنکچر، 10 ارب، سائفر، امریکی سازش جیسے الزام لگائے لیکن ثبوت کوئی نہیں، اگر ثبوت ہیں تو عدالت میں کیوں نہیں جاتے ؟ جھوٹے الزام لگانا، الزام تراشی کرنا، بہتان بازی کرنا کسی کا نہ قانونی حق ہے اور نہ آئینی حق ہے؟۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب تم پہ قاتلانہ حملہ ہوا اُس وقت خیبر پختوانخواہ اور پنجاب میں ایف آئی آرکرواتے، وہاں تمہاری اپنی حکومت اور وزیراعلیٰ تھا، کیا وہ سازش میں شامل تھے؟ تمہارے جھوٹوں پہ اُنھوں نے ایف آئی آر کیوں نہیں کاٹی ؟ مجرموں کو کیوں نہیں پکڑا ؟ میڈیا، جج، سیاسی مخالفین کے قتل کی سازش بے نقاب ہونے پر دوسروں پر اپنے قتل کاالزام دیا؟۔

 لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جو الزام دوسروں پہ لگایا اس میں مجرم خود نکلے، دوسروں کو چور ڈاکو کہا اور خود ڈاکو ثابت ہوئے، مخالفین، صحافی، جج وکلا کے قتل کی تمہاری سازش پکڑی گئی تو اب دوسروں پر اپنے قتل کا الزام لگا رہے ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پاناما میں جھوٹ بولنے پر شہباز شریف کے مقدمے میں 6 سال سے تم عدالت سے فرار ہو؟ شہباز شریف سے سوال پوچھنے سے پہلے عوام کو اپنی سازشوں کا جواب دو، عدت میں شادی، بچی کے والد ہونے کا الزام لگنے کا انتظار باقی ہے؟۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے سوالات کے جوابات مانگتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک ایسا شخص جس پر گزشتہ چند ماہ میں 2 بار قاتلانہ حملہ ہوا ہو، کیا وہ شہباز شریف سے سوال پوچھ سکتا ہے؟ 

عمران خان نے سوال کیا کہ مجھے بطور شہری ان لوگوں کو نامزد کرنے کا حق ہے؟ جو قاتلانہ حملوں کے ذمہ دار ہیں؟ مجھے ایف آئی آر درج کرنے کے میرے قانونی اور آئینی حق سے کیوں محروم کیا گیا ؟

انہوں نے کہا کہ کیا اس ٹویٹ کا مطلب یہ ہے کہ افسران قانون سے بالاتر ہیں یا وہ جرم نہیں کر سکتے؟ اگر ہم الزام لگاتے ہیں کہ ان میں سے کسی نے جرم کیا ہے تو اس میں ادارے کو کیسے بدنام کیا جا رہا ہے؟۔