بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل،محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

Dec 08, 2024 | 10:23:AM
بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل،محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں آج لاہور سمیت پنجاب کے وسطی اور شمالی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے ملک کے بیشترعلاقوں میں سردی بڑھنے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارش اور ٹھنڈی ہوائیں سردی کی شدت میں اضافہ کریں گی۔ لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ملک میں ٹھنڈ کو ٹاپ گیئر لگ گیا، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بادل برس پڑے، پہاڑوں میں برفباری سے ہرطرف سفیدی چھاگئی۔

شمالی بلوچستان میں بھی پارہ نیچے گرگیا، سردی مزید خون جمائے گی، گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی لہہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسکردو میں منفی 9، قلات میں منفی 7، کوئٹہ منفی 2 اور مالم جبہ میں منفی ایک تک پارہ گرا۔

محکمہ موسمیات نے آج بیشترعلاقوں میں سردی بڑھنے کی پیش گوئی کردی، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

ادھر کراچی میں صبح سویرے درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، آج سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ لوگوں نے گرم ملبوسات پہننا شروع کردیے۔

صوبہ سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

پاکستان کے آلودہ شہروں میں پشاور کا آج بھی پہلا نمبر
دوسری جانب پاکستان کے آلودہ شہروں میں پشاور کا آج بھی پہلا نمبر ہے، جہاں صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈیکس 350 تک پہنچ گیا جبکہ لاہور کا دوسرا نمبر ہے جہاں اے کیو آئی 174 ریکارڈ کیا گیا۔

یہ سلسلہ نہ صرف سردی میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ زرعی علاقوں میں فصلوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کی صورت حال کے مطابق اپنے حفاظتی اقدامات کریں۔