وزیراعظم نے غزہ شہر پرغیر قانونی کنٹرول کرنے کے منصوبے کی منظوری کی شدید مذمت کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےاسرائیلی کابینہ کے فیصلے پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسرائیلی کابینہ کی جانب سے غزہ شہر کا غیر قانونی اور ناجائز کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ فلسطینی عوام کے خلاف پہلے سے جاری تباہ کن جنگ میں خطرناک اضافے کے مترادف ہے۔
وزیر اعظم نے بیان میں کہا کہ فوجی کارروائیوں کی یہ توسیع پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید بگاڑ دے گی اور خطے میں امن کے کسی بھی امکان کو ختم کردے گی: ہمیں اس جاری المیے کی اصل وجوہات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے: وہ ہے فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کا طویل، غیر قانونی قبضہ۔ جب تک یہ قبضہ برقرار رہے گا، امن ایک خواب ہی رہے گا۔پاکستان فلسطینی عوام کے، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق جائز حقوق،ان کے حق خود ارادیت اور فلسطین کی ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کو فوری طور پر روکنے، بے گناہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور غزہ کے لوگوں تک اشد انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری مداخلت کرے۔
یہ بھی پڑھیں: رحمت العالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے 5 ارکان تعینات،خورشید ندیم چیئرمین مقرر