آج سے 12جون تک ہیٹ ویو کا خدشہ؛محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا 

Jun 07, 2026 | 08:57:AM
 آج سے 12جون تک ہیٹ ویو کا خدشہ؛محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سعدراجہ،اخلاق چانڈیو ،صدام حسین چانڈیو )محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں آج سے 12جون تک ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہرکردیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ ہفتے کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیاہے،ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے،8 سے 12 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب و میدانی اضلاع میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد میں بھی درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
 پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نور پور تھل اور ساہیوال میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔ 
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز و ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ رہے۔
دوسری طرف  ڈی جی پی ڈی ایم اے عمرجاویدکاکہناہے کہ رات کے وقت بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے،گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا خطرہ موجود ہے،شہری صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں اور زیادہ پانی پئیں،ہیٹ ویو سے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے،دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز اور ہائیڈریٹ رہنے کی تاکیدکی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق کاشتکاروں کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت بھی کردی گئی ہے،ریسکیو 1122 کوبھی ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے،موبائل ہیلتھ ٹیمیں ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے کیسز سے نمٹنے کے لیے متحرک ہوں گی،گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں درجہ حرارت 40سے 43ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے،سندھ اور بلوچستان کے چند اضلاع میں درجہ حرارت 48سے 51ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی درجہ حرارت 44سے 48ڈگری تک جانے کا امکان ہے،خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی پارہ 41سے 46ڈگری تک جا سکتا ہے,شہریوں کو صبح 10سے شام 4بجے تک غیر ضروری دھوپ میں نکلنے سے گریز کی تاکیدکی گئی ہے۔    
دوسری طرف شہر اقتدار میں بھی آج موسم گرم اور خشک رہے گا،وفاقی دارالحکومت کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے،اسلام آباد میں آج پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل سج گیا،پولنگ شروع
محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبرپختونخواسمیت بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔

 سندھ کے ضلع قمبر میں شدید گرمی کی لہر برقرار اور سورج آگ برسانے لگاہے جبکہ پارہ 42 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور پارہ 47 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہریوں نے گرمی سے بچنے کے لیے ٹھنڈے مشروبات کے دکانوں کا رخ کر لیا ہے۔

جیکب آباد میں سورج آگ برسا نے لگاہے،شدید گرمی اور لو کے تھپیڑوں نے زندگی کا پہیہ سست کر دیاہے،پارہ 45 ڈگری ہوگیااور 49 سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ظاہرکیاگیاہے،جھلسا دینے والی گرمی کے باعث سڑکیں سنسان،اورشہری گھروں تک محدودہوگئے ہیں۔