رجب بٹ کی ڈیڑھ ماہ بعد اپنے اہلخانہ سے جذباتی ملاقات

May 06, 2025 | 00:32:AM
رجب بٹ کی ڈیڑھ ماہ بعد اپنے اہلخانہ سے جذباتی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پاکستان کے مشہور یوٹیوب ولاگر رجب بٹ طویل جُدائی کے بعد اپنی فیملی کے پاس پہنچ گئے۔

رجب بٹ ایک مشہور پاکستانی ڈیجیٹل کریئیٹر ہیں جن کے یوٹیوب پر لاکھوں سبسکرائبرز اور مداح موجود ہیں،کچھ عرصہ قبل وہ اپنے متنازع بیانات اور حرکات کی وجہ سے سرخیوں میں رہے، توہہین مذہب کے قانون سے متعلق ایک تنازع میں ملوث ہونے کے بعد شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنے پر انہیں پاکستان چھوڑنا پڑا۔

 دبئی میں قیام کے دوران، رجب بٹ نے پاکستان میں اپنا کیس لڑا اور اپنے مداحوں کے جذبات مجروح کرنے پر معافی بھی مانگی۔

گزشتہ روز رجب بٹ ڈیڑھ ماہ بعد بالآخر پاکستان واپس لوٹ آئے اور انہوں نے اپنے اہل خانہ، جن میں ان کے والد، والدہ اور اہلیہ کو کو سرپرائز دے کر حیران کردیا۔

جب وہ گھر میں داخل ہوئے تو ان کے والد ٹی وی دیکھ رہے تھے اور بیٹے کو دیکھتے ہی خوشی سے جھوم اٹھے اور گلے لگا لیا۔

تاہم رجب بٹ نے انہیں مکمل طور پر اپنے جذبات کا اظہار نہیں کرنے دیا کیونکہ وہ پہلے اپنی والدہ اور اہلیہ کو حیران کرنا چاہتے تھے۔

ان کی والدہ باورچی خانے میں تھیں، جب رجب بٹ نے انہیں پیچھے سے آ کر گلے لگایا، تو وہ اپنے بیٹے کو تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد دیکھ کر جذباتی ہوگئیں۔

رجب بٹ کی اہلیہ ایمان بھی اپنے شوہر کو دیکھ کر جذباتی اور خوش ہوگئیں، ان کے تمام قریبی دوست اس سرپرائز وزٹ کے دوران ان کے ساتھ موجود تھے۔

رجب بٹ کے مداح ان کی اپنے والدین اور بیوی سے جذباتی ملاقات دیکھ کر بے حد خوش نظر آئے، ایک مداح نے لکھا کہ اللہ تعالیٰ انہیں خوشحال رکھے اور ان کے والدین کے لیے محفوظ رکھے، ایک اور نے کہا کہ ایسا بیٹا سب کو نصیب ہو، ایک تیسرے مداح نے لکھا کہ آپ کے جذباتی لمحات دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آ گئے۔

ایک اور نے کہا کہ ماں باپ کے لیے کچھ بھی، جبکہ ایک مداح نے لکھا کہ ویلکم بیک بھائی، خوش رہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو کے دوران رجب بٹ نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ وہ  دبئی سے قطر اور پھر لندن جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

پاکستان واپسی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ابھی ایک خاص اجازت کا انتظار ہے، انشاءاللّٰہ میں پاکستان آؤں گا، کیوں نہیں آؤں گا، میرا ملک ہے، میں ضرور واپس آؤں گا، لیکن کچھ ہائی کمانڈز کی جانب سے اجازت آئے گی تو فوراً واپسی ہوگی۔

اپنے اوپر لگے توہین مذہب کے الزامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ 'ایسا میں نے کچھ نہیں کیا، ہر کوئی جانتا ہے کہ میں نے کچھ ایسا نہیں کیا اور نہ ہی میں کرسکتا ہوں، ایک مومن گھرانے سے تعلق ہے میرا، مسلمان خاندان سے ہوں تو وہم گمان میں ایسا سوچ بھی نہیں سکتا'۔