سردار ایاز صادق سے ایرانی اسپیکر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور اقتصادی روابط پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں پارلیمانی وفد کی ملاقات،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور اقتصادی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ملکوں کے اسپیکرز کی ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی ،اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایرانی اسپیکر اور وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا،اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مذہب اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں،پوری قوم، پارلیمنٹ اور حکومت ایران کے ساتھ کھڑی ہے،ایران اور پاکستان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی نے ایران کی عوام اور حکومت کو اسرائیلی حملہ ناکام بنانے پر مبارکباد دی،پاکستانی پارلیمنٹ پہلی پارلیمنٹ ہے جس نے غیر مبہم انداز میں ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے “پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگانے کو سراہا،اسپیکر قومی اسمبلی نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات میں فروغ خوش آئند ہے،ایران پاکستان کا قابل اعتماد برادر ہمسایہ ملک ہے۔
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہوئے دلی مسرت ہوئی،ایرانی اسپیکر نے اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران کی حمایت پر پاکستانی عوام، پارلیمنٹ اور حکومت کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا کہ "مشکل وقت کا ساتھی ہی حقیقی دوست ہوتا ہے"،اسرائیل کی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حقیقی حمایت دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی عکاس ہے،پارلیمانی تعاون دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کی کلید ہے۔ایرانی اسپیکر نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان ںے تمام عالمی فورمذ پر ایران کی حمایت کی جس کا ایران تہہ دل سے شکرگزار ہے-دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلے باہمی اعتماد کے فروغ میں مددگار ہیں۔خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے،ملاقات میں خطے میں امن، ترقی اور عوامی خوشحالی کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ایرانی پارلیمانی وفد کے اراکین نے پاکستان کی پارلیمان کے فعال کردار کو سراہا۔ملاقات میں ممبر قومی اسمبلی اور کنونیر ایران پاکستان پارلیمانی گروپ سید نوید قمر بھی موجود تھے-
یہ بھی پڑھیں:سندھ کے روحانی بزرگ سخی جام داتارؒ کا عرس،17 نومبرکو عام تعطیل کا اعلان