گلگت کے عوام کے ووٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے :بلاول بھٹو زرداری

Jun 05, 2026 | 19:36:PM
گلگت کے عوام کے ووٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے :بلاول بھٹو زرداری
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے ، کسی کو ناانصافی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

گلگت کے شاہی پولو گراؤنڈ میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو  زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پورا ایک مہینہ گزارا ہے اور عوام کے مسائل کو قریب سے دیکھا ہے۔

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں گلگت بلتستان کے عوام کے ووٹ چھینے گئے تھے، تاہم اس بار عوام کو اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے خود کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ فارم 45 کا بندوبست کریں تاکہ کسی کو عوامی مینڈیٹ چرانے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کے ووٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی اور کسی کو عوام کے ساتھ ناانصافی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ قائد عوام نے ملک کو ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی موجودہ صورتحال سب کے سامنے ہے اور قومی سلامتی کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی قیادت کے فیصلوں نے پاکستان کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ سی پیک سے بھی بڑا منصوبہ ہے اور صدر آصف علی زرداری نے اپنے دورِ حکومت میں اس منصوبے کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا، صدر زرداری نے ملک میں بیرونی فوجی اڈے بند کروائے اور قومی خودمختاری کو مضبوط بنایا۔

گلگت بلتستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو  زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی تین نسلوں سے اس خطے کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ان کے بقول صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دی اور اسے انتظامی صوبے کا درجہ دیا، جبکہ خیبر پختونخوا کو بھی اس کا موجودہ نام دیا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام نے حقیقی معاشی ترقی صرف پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں دیکھی، جبکہ دیگر حکومتوں نے ترقی کے مواقع صرف امیر طبقے تک محدود رکھے۔ بلاول بھٹو نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ 18ویں آئینی ترمیم کا تحفظ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ اب نئی نسل کی باری ہے کہ وہ اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک اور عوام کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھائے، جلسے میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری  بھی موجود تھیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا۔

اپنے خطاب کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کی معیشت کے لیے "کوہِ نور" ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس کے لیے خطے کی معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 7 جون کے بعد اگر پیپلزپارٹی کو حکومت بنانے کا موقع ملا تو تمام خالی سرکاری آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دلانے کے لیے بھی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض جماعتیں معاشی ترقی کو صرف اپنے امیر دوستوں کی ترقی سمجھتی ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا مقصد بھی مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچانا تصور کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سیاست کا محور غریب اور متوسط طبقہ ہے اور پارٹی چاہتی ہے کہ معاشی ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید  بینظیر بھٹو نے ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کی سیاست کی۔ بلاول بھٹو کے مطابق بے نظیر بھٹو کو عوام کو روزگار فراہم کرنے کی پالیسیوں پر سیاسی مخالفت اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ کہا کرتی تھیں کہ اگر غریب کو روزگار دینا جرم ہے تو وہ یہ جرم بار بار کریں گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حقِ روزگار کو یقینی بنانے کے لیے معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خطے میں ترقیاتی منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ تھرپارکر میں بھی بجلی کے منصوبے اسی ماڈل کے تحت کامیابی سے جاری ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں آج صدرآصف علی زرداری  پر تنقید کرتے ہوئے ووٹ مانگ رہی ہیں، حالانکہ گلگت بلتستان کو حاصل ہونے والی متعدد آئینی اور انتظامی سہولیات صدر زرداری کے دور میں متعارف کرائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر گلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ کا نظام موجود ہے تو اس میں بھی پیپلزپارٹی کی قیادت کا کردار شامل ہے۔

خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح ماضی میں ان کے بزرگوں نے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کی، اسی جذبے کے ساتھ پیپلزپارٹی اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو  کے نواسے اور نواسی گلگت بلتستان کے عوام کو حقِ حاکمیت دلانے کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :سڑکوں پر خطرناک صورتحال،5 ماہ، 6 روز میں 445 قیمتی جانیں ضائع