فواد چوہدری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے خارج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالے جانے کے بعد انکی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔
دورانِ سماعت ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی، جس کے مطابق فواد چوہدری کا نام 4 جون کو فہرست سے خارج کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ عدالت نے اس سے قبل 25 ستمبر 2024 کو فواد چوہدری کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود فیصلے پر بروقت عملدرآمد نہ ہونے پرفواد چوہدری نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی، جہاں فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ پیش ہوئے،دوران سماعت فواد چوہدری خود روسٹرم پر آئے اور جسٹس انعام امین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا’’عدالت کا بہت بہت شکریہ، آپ کو پتا ہے ہم نے کہاں جانا ہے، ہم نے یہیں اپوزیشن کرنی ہے۔"
یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر ثناء یوسف کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی
اس موقع پرجسٹس انعام امین منہاس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے’’آپ نے بھی ان کے پیچھے پڑ کر نام نکلوا ہی لیا‘‘جج کے اس تبصرے پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔
وکیل فیصل چوہدری نے دورانِ سماعت جسٹس انعام سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا’’آپ کے پاس آنے سے ہمارا فائدہ ہوتا ہے۔" بعد ازاں عدالت نے تمام شواہد اور رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد فواد چوہدری کی درخواست نمٹا دی۔