مائیکروسافٹ کا پاکستان میں دفتر بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ 

Jul 05, 2025 | 19:09:PM
مائیکروسافٹ کا پاکستان میں دفتر بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ 
کیپشن: مائیکرو سافٹ لوگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)معروف عالمی کمپنی مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنا دفتر بند کرنے اور  ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ عالمی ٹیک کمپنی نے ملک میں اپنا آپریشن بند کردیا۔

رپورٹس  میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ کمپنی پاکستان میں اپنے آپریشنز باضابطہ طور پر بند کر رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان مائیکروسافٹ نے کہا کہ ہم اپنے صارفین کو قریبی دفاتر کے ذریعے خدمات فراہم کریں گے، ہم یہ ماڈل دنیا کے کئی دیگر ممالک میں کامیابی سے چلا رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی مقامی پارٹنرز اور غیر ملکی دفاتر کے ذریعے خدمات فراہم کرے گی۔

یہ اقدام کمپنی کی عالمی سطح پر جاری چھانٹیوں کا حصہ ہے، کیوں کہ وہ مصنوعی ذہانت کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔

بدھ کو مائیکروسافٹ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تقریباً 2 لاکھ 28 ہزار ملازمین میں سے 4 فیصد کو فارغ کر رہی ہے، مئی میں کمپنی نے 6 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:گھریلو جھگڑوں کا افسوسناک انجام،راولپنڈی سے غمزدہ خبر آ گئی

کمپنی نے کہا کہ وہ کم منتظمین کے ساتھ اپنے آپریشنز کو چلانے اور اپنی مصنوعات، طریقہ کار اور کرداروں کو بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے اپنے ایک بیان کہا کہ عالمی ٹیک کمپنیاں آن-پریمیس سافٹ ویئر ڈپلائمنٹ سے سافٹ ویئر ایز اے سروس ماڈل کی طرف منتقل ہو رہی ہیں، مائیکروسافٹ کا ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

اس اقدام سے پاکستان میں مائیکروسافٹ کے تمام پانچ ملازمین متاثر ہوں گے اور اس کا نمائندہ دفتر بند کیا جائے گا۔ تاہم ملک میں مائیکروسافٹ کے صارفین کے لیے اس کی سروسز بدستور دستیاب رہیں گی۔

سنہ 2000 میں مائیکروسافٹ پاکستان کی بنیاد رکھنے والے جواد رحمان نے گذشتہ روز اس کا اعلان لنکڈ اِن پر کیا۔ انھوں نے لکھا کہ مائیکرو سافٹ باقاعدہ طور پر پاکستان میں اپنے آپریشنز ختم کر رہا ہے اور بقیہ چند ملازمین کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

خیال ہے کہ پاکستان میں مائیکروسافٹ کی موجودگی پہلے ہی محدود تھی اور یہاں اس کے چند ملازمین اور ایک نمائندہ دفتر قائم تھا۔ جواد رحمان کے مطابق پاکستان میں اس کمپنی کے آپریشنز جون 2000 میں شروع کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں گرنے والی عمارت میں نوبیاہتا جوڑا بھی ملبے تلے دب گیا