حج 2026 کے عازمین کیلئے بائیو میٹرک عمل مکمل کرنے کی آخری تاریخ سامنے آگئی

Feb 05, 2026 | 08:57:AM
حج 2026 کے عازمین کیلئے بائیو میٹرک عمل مکمل کرنے کی آخری تاریخ سامنے آگئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا پراسیسنگ کے لیے بائیو میٹرک کا عمل ہر صورت 8 فروری تک مکمل کریں۔

اے پی پی کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عازمین حج بائیو میٹرک کے لیے اپنے متعلقہ بینکوں سے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

جو عازمین جدید "سعودی ویزا بائیو" ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن یا انگلیوں کے نشانات کی تصدیق میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ان کی سہولت کے لیے ملک بھر میں 6 تاشیر سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عازمین حج کے لیے اولین ترجیح "سعودی ویزا بائیو" ایپ کا استعمال ہونا چاہیے، جو موبائل پلے اسٹور سے باآسانی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے، اس ایپ پر اپنی ای میل کے ذریعے رجسٹریشن کر کے، پاسپورٹ اسکین، سیلفی اور دونوں ہاتھوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کریں، اس کے بعد ایک کنفرمیشن ای میل موصول ہوگی، جسے عازمین حج اپنے باقی پراسیس کے لیے محفوظ رکھیں، اگر عازمین کو ایپ استعمال کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، تو وہ اپنے متعلقہ بینک کی برانچ سے بھی رہنمائی لے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لکی مروت، نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیا

وزارت نے واضح کیا کہ بائیو میٹرک کی تصدیق کے بغیر حج ویزا جاری کرنا ممکن نہیں ہوگا، اس کے علاوہ، اگر عازمین کو ایپ کے ذریعے تصدیق نہ ہو سکے، تو وہ ملک بھر میں قائم 6 تاشیر سینٹرز سے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ ان سینٹرز کی تفصیل درج ذیل ہے:

1.اسلام آباد : تیسری منزل، عوامی ٹریڈ سینٹر، جی نائن (G-9)
2.لاہور : دی انٹرپرائز بلڈنگ، 1 کلومیٹر ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ
3.کراچی: بلاک اے، گراؤنڈ فلور، ایف ٹی سی بلڈنگ، شاہراہ فیصل
4.پشاور : تیسری منزل، الحاج ٹاور، مین یونیورسٹی روڈ
5.ملتان : دوسری منزل، کرسٹل مال، نزد عثمان آباد کالونی، بوسن روڈ
6.کوئٹہ : میمار پلازہ، خوجک روڈ، کوئٹہ کینٹ

وزارت نے عازمین کی سہولت کے لیے تاشیر سینٹرز کے اوقات کار پیر تا جمعہ، دوپہر 1 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیے ہیں، عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے 8 فروری کی آخری تاریخ سے قبل اپنے قریبی سینٹر پہنچ کر یہ عمل مکمل کر لیں۔