حق خود ارادیت کے عزم کی تجدید ، ملک بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔
آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، مظفر آباد میں صبح نو اور دس بجے کے درمیان سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
آج پورے ملک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقاریب منعقد کی جائیں گی ، آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی آج ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف مظفر آباد جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:دہشتگردی سنگین خطرہ، پاکستان کا اقوام متحدہ سے بی ایل اے پر پابندی کا مطالبہ
افواجِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ائیر چیف نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔ بھارت کی جانب سے کشمیر کا آبادیاتی و سیاسی تشخص بدلنے کی کوششیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، عالمی برادری کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ آزادی اور وقار کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔