ہنڈا کے بعد ایک اور کمپنی نے موٹر سائیکل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

Mar 04, 2023 | 23:54:PM
ہنڈا کے بعد ایک اور کمپنی نے موٹر سائیکل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک ) ہونڈا کے بعد یونائیٹڈ نے بھی موٹر سائیکل کی قیمت میں 6ہزار روپے سے لیکر 15ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل اسمبلرز نے روپے کی قدر میں کمی اور مہنگے خام مال کی وجہ سے موٹر سائیکل کی قیمتوں میں 5 ہزار سے 25 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے ۔

اس سے قبل اٹلس ہونڈا لمیٹڈ کی جانب سے ہونڈا سی ڈی-70، سی ڈی-70 ڈریم، پرائڈر، سی جی 125 ایس، سی بی 125 ایف، سی بی 150 ایف، سی بی 150 ایف (سلور) کی نئی قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 44 ہزار 900، ایک لاکھ 55 ہزار 500، ایک لاکھ 90 ہزار 500، 2 لاکھ 14 ہزار 900، 2 لاکھ 55 ہزار 900، 3 لاکھ 50 ہزار 900، 4 لاکھ 43 ہزار 900، 4 لاکھ 47 ہزار 900 روپے ہوں گی، جو 7 ہزار سے 25 ہزار اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔دوسری جانب این جے آٹو انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ نے 70 سی سی سے 200 سی سی تک موٹرسائیکلوں کی قیمتیں 6 ہزار ایک سو روپے سے 7 ہزار روپے تک بڑھائی ہیں، جس کا اطلاق 8 مارچ سے ہوگا، اسی طرح ملک کی دوسری بڑی موٹرسائیکل بنانے والی کمپنی یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے 7 مارچ سے 70 سے 125 سی سی موٹرسائیکل کی قیمتوں میں 6 ہزار سے 15 ہزار روپے تک اضافے کا اعلان کر دیاہے۔

موٹرسائیکل اور رکشہ بنانے والے ادارے روڈ پرنس نے 70 سی سی سے 150 سی سی تک موٹرسائیکل کی قیمتیں 5 ہزار سے 15 ہزار روپے تک بڑھا دیں، جو 7 مارچ سے نافذ العمل ہوں گی ، راضی موٹر انڈسٹریز نے ہائی اسپیڈ موٹرسائیکل کی قیمت میں 6 ہزار روپے سے 10 ہزار روپے تک اضافے کا اعلان کر دیا۔رپورٹ کے مطابق غیر معمولی مہنگائی کے سبب لوگوں کی قوت خرید شدید متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے رواں مالی سال کے ابتدائی 7 مہینے میں موٹرسائیکلوں کی فروخت میں اضافہ نہیں ہورہا۔