یونان میں ٹرین حادثہ، 57 ہلاکتوں کیخلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے

Mar 04, 2023 | 12:57:PM
یونان میں ٹرین حادثہ، 57 ہلاکتوں کیخلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے
کیپشن: یونانی وزیر ٹرانسپورٹ نے حادثے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے بھی استعفی دے دیا ہے
سورس: رائٹرز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) یونان میں ٹرین حادثے میں57 افراد کی ہلاکت کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق  دارالحکومت ایتھنز سمیت ملک بھر میں ہزاروں افراد انصاف کی فراہمی کیلئے سڑکوں پر نکل آئے اور حکومتی بدانتظامی کے خلاف شدید احتجاج کیا، مختلف شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا  کہ یہ حادثہ نہیں جرم ہے، اس پر خاموش نہیں رہ سکتے، ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

یونان کی حکومت نے ملکی تاریخ کے سب سے مہلک ٹرین حادثے کے بعد تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کررکھا ہے۔

یونانی وزیر ٹرانسپورٹ نے حادثے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے بھی استعفی دے دیا ہے، یونانی وزیراعظم نے بھی جائے حادثہ کے دورے میں کہا کہ حادثہ بظاہر انسانی غلطی سے پیش آیا ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کو یونانی دارالحکومت ایتھنز اور تھیسالونیکی کے درمیان واقع شہر لاریسا کے قریب مسافر اور مال بردار ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں مسافر ٹرین کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں جبکہ 2 بوگیوں میں آگ لگی تھی، مسافر ٹرین میں تقریباً 350 مسافر سوار تھے۔