نوشہرہ؛3معصوم بچوں کے قتل کا معمہ حل، دادی ہی ملزمہ نکلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(فرحت شاہ)نوشہرہ میں تھانہ اضاخیل کے علاقے اضاخیل بالا میں3 معصوم بچوں کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے، جبکہ اس اندوہناک واقعے میں انکشاف ہوا ہے کہ بچوں کی قاتلہ ان کی سگی دادی نکلی۔ واقعے کی تہہ میں ساس، بہو کے درمیان گھریلو تنازعات کی طویل چپقلش سامنے آئی ہے۔ پولیس نے ملزمہ شاہین بی بی کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق19 مئی 2025 کو قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں مسمی بخت شیر ولد محمد شیر ساکن اضاخیل بالا نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی کہ اس کے تین بچے، حریم، مریم اور یامان، زہریلی شے کے باعث جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کی والدہ ماریہ معجزانہ طور پر بچ گئیں۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے دفعہ 174 ض ف کے تحت تحقیقات کے دوران مدعی بخت شیر اور اس کی اہلیہ ماریہ نے ایڈیشنل سیشن جج عثمان کی عدالت میں دفعہ 164 ض ف کے تحت بیان قلمبند کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بچوں کی دادی، یعنی مدعی کی والدہ شاہین بیوہ محمد شیر نے گھریلو ناچاقی کی بنیاد پر ان کی بیوی اور بچوں کو زہریلی شے دی، جس سے تینوں بچے موقع پر دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر ثنا یوسف کی والدہ کا وہ خواب جو قاتل نے چکنا چور کردیا
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ شاہین بی بی کو گرفتار کر لیا ہے اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ مقدمہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام شواہد کی روشنی میں کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ثنا یوسف قتل کیس، ملزم سے کتنے پیسے برآمد ہوئے؟ تہلکہ خیز انکشاف