امیرالدین میڈیکل کالج کا پانچواں کانووکیشن:200 ڈاکٹرزمیں ڈگریاں اور141 میڈلز تقسیم
پی جی ایم آئی کے ڈاکٹرزدنیا بھر میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں،یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے:پروفیسر فارو ق افضل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) امیرالدین میڈیکل کالج کاپانچواں کانووکیشن ایوان اقبال میں منعقدہواجس میں200 ڈاکٹرز میں ڈگریاں اور141 میڈلز تقسیم کیے گیے۔
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل کی زیر صدارت ایوان اقبال لاہورمیں منعقدہونےوالے امیر الدین میڈیکل کالج کے پانچویں کانووکیشن میں مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سابق وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم، ممتاز میڈیکل ٹیچر پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور کنٹرولر یو ایچ ایس ڈاکٹرمحمد عباس گیسٹ آف آنر تھے،اس موقع پرامیر الدین میڈیکل کالج کے 200ڈاکٹرز میں ڈگریاں اور141میڈلز تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں پی جی ایم آئی کے فیکلٹی ممبران کے علاوہ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز، میڈیکل کالجز کے پرنسپلز، سرکاری و نجی کالجز و ہسپتالوں کے میڈیکل ٹیچرزکے علاوہ پروفیسر محمود ایاز، ڈاکٹر زاہد پرویز، ای ڈی پنز پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر محمد معین، ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر غیاث النبی طیب، پروفیسر ارشد چیمہ، پروفیسر ندرت سہیل،ڈاکٹر شائستہ مبین سمیت طلبا وطالبات کے والدین بھی موجود تھے۔

پروفیسر محمد شاہد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جنہوں نے پی جی ایم آئی، اے ایم سی اور جنرل ہسپتال کی طبی خدمات پر روشنی ڈالی، کنٹرولر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے طلبا و طالبات سے حلف لیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم کا فروغ اور ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور صوبے کے دونوں محکمہ صحت کے حکام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی تکمیل کیلئے شب و روز کوشاں ہیں،انہوں نے نئے ڈاکٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کرکے اپنے مادر علمی کا نام روشن کریں گے۔
ڈاکٹر اظہر محمود نے کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج کی فیکلٹی انتہائی فرض شناس اور قابل ہے اورامید ہے کہ وہ دور حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق میڈیکل سٹوڈنٹس کی تعلیم و تربیت جاری رکھیں گے۔

پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ امیر الدین میڈیکل کالج کی عمارت، طلبا کیلئے ہوسٹل،لاہورجنرل ہسپتال میں پارکنگ پلازہ اور آؤٹ ڈور میں مریضوں کی سہولت کے لئے ملٹی سٹوری بلڈنگ کی تعمیروقت کی ضرورت ہے جبکہ پی جی ایم آئی کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے تاکہ ڈاکٹرز خوشگوار ماحول میں زیادہ سے زیادہ سپیشلائزیشن اور جدید طبی تعلیم حاصل کر سکیں،انہوں نے کانووکیشن میں پوزیشن ہولڈرز اور ڈگری حاصل کرنے والے گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ اپنے والدین کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے میدان عمل میں اتریں اور اُن خطوط پر چلیں جو مسیحائی کے شعبے کا اصل تقاضا ہے۔
انہوں نے نئے ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ عملی زندگی میں مریضوں کی بے لوث خدمت کرکے دنیا و آخرت سنوارنے کے ساتھ اپنا مستقبل بھی روشن کریں، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز درحقیقت دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر ہیں کیونکہ 1974میں قائم ہونے والے پی جی ایم آئی میں پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی ڈاکٹرز سپیشلائزیشن کے لئے آتے ہیں،انسٹیٹیوٹ کا مشن طب کے شعبہ میں تحقیقی کام کو آگے بڑھانا، میڈیکل اساتذہ اور قابل ڈاکٹرز مہیا کرنا ہے جو طبی تعلیم اور انسانیت کی بہتر خدمت کو یقینی بنا سکیں۔
پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پنجاب میں حکومت کی طرف سے صحت کارڈ کے تحت مفت طبی سہولیات کی فراہمی،نئے میڈیکل کالجزو ہسپتالوں کا قیام اور ہیلتھ کے شعبے میں لائی جانے والی انقلابی تبدیلیاں لائق تحسین ہیں جن کا بلا واسطہ فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا،پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل نے اپنی تعیناتی کے 13ویں روز بھی ہی کانووکیشن منعقد کر کے طلباء کو ڈگریاں اور میڈلز دے کر اُن کے دل جیت لیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان سٹاک مارکیٹ: پہلی بار 121000 پوائنٹس کا سنگ میل عبور
پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ اب تک پی جی ایم آئی اور امیر الدین میڈیکل کالج سے کثیر تعداد میں ڈاکٹر زاندرون و بیرون ملک دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے علاوہ میڈیکل ایجوکیشن کی شمع روشن کیے ہوئے ہیں جو وطن عزیز کے لئے بلا شبہ اعزاز کی بات ہے، بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی وجہ سے ملک بھر سے مریض لاہور جنرل ہسپتال میں آتے ہیں جو اس ادارے کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر ڈگریاں حاصل کرنے والے ڈاکٹرز کے والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور بچوں کی اس کامیابی پر خوشی و مسرت سے نہال نظر آئے،تقریب کے اختتام پر امیر الدین میڈیکل کالج اکیڈمک کونسل کی جانب سے مہمانان گرامی کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔