بھارت میں مسافر نے چلتے طیارے کا دروازہ کھول کر باہر چھلانگ لگا دی

May 03, 2026 | 16:57:PM
بھارت میں مسافر نے چلتے طیارے کا دروازہ کھول کر باہر چھلانگ لگا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) جنوبی بھارت میں چنئی  ائیرپورٹ  پر ائیر عربیہ کے  چلتے طیارے میں مسافر نے ہنگامی دروازہ کھول کر باہر چھلانگ لگا دی۔ 

گلف نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چنئی ائیرپورٹ پر  ٹیکسی کرتے ہوئے ایئر عربیہ کی فلائٹ سے ایک مسافر نے  چھلانگ لگا دی۔
اس حادثہ کے بعد چنائی ائیر پورٹ پر کئی آپریشنز فوراً رک گئے اور ہنگامی حالت جیسی سورتحال پیدا ہو گئی۔ بعد میں اس حادثہ میں کسی کے  زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
اتوار کی صبح ، ائیر عربیہ کی فلائٹ پر سوار ایک مسافر نے اچانک نشست سے اٹھ کر   ایمرجنسی ایگزٹ گیٹ کھولا اور اس وقت چھلانگ لگا دی جب  یہ جہاز  چنئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد ٹیکسی کر رہا تھا۔

یہ شخص شارجہ سے آنے والی پرواز میں سفر کر رہا تھا۔ حکام نے بتایا کہ طیارہ پہلے ہی مین رن وے کو خالی کر چکا تھا اور آہستہ ترین رفتار سے  ٹرمینل کی طرف بڑھ رہا تھا جب مسافر نے ایمرجنسی ایگزٹ کھولا اور ٹیکسی وے پر چھلانگ لگا دی تو طیارے میں خوف پھیل گیا اور طیارے سے باہر ائیر پورٹ حکام میں بھی تشویش پھیل گئی۔

ہنگامی امدادی کارکنوں نے فوراً اس ایریا کو گھیرے میں لے لیا جہاں یہ جہاز ٹیکسی کر رہا تھا۔ 

 پختہ سڑک پر بلندی سے گرنے کے باوجود مسافر چوٹ لگنے سے بچ گیا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو حراست میں لے لیا۔ این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق، "پرواز ابھی بھی آہستہ آہستہ چل رہی تھی کہ اس نے چھلانگ لگا دی۔ اس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔" مسافروں یا عملے کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

پائلٹ نےاس وائلیشن کے بعد زمینی حکام کو خبردار کیا، جس سے سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکاروں کی جانب سے فوری ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ مسافر کو بعد میں پوچھ گچھ کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

ائیرپورٹ پر آپریشنز میں کچھ دیر کے لیے خلل پڑا
احتیاط کے طور پر ہوائی اڈے کی کارروائیاں عارضی طور پر متاثر ہوئیں۔ حکام نے بتایا کہ مین رن وے کو صبح سویرے تقریباً ایک گھنٹے کے لیے بند کر دیا گیا تھا، اس دوران پروازوں کو ثانوی رن وے پر بھیج دیا گیا تھا۔

ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ پرواز کے دوران مسافر کی طبیعت ناساز  ہو گئی تھی، رپورٹس کے مطابق اس نے لینڈنگ سے قبل متلی ہونے  کی شکایت کی تھی۔ آیا اس کی حالت اس واقعے میں معاون ہے یا نہیں اس کی تفتیش جاری ہے۔

حکام نے باضابطہ طور پر اس شخص کی شناخت کی تصدیق نہیں کی ہے، حالانکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کا تعلق تمل ناڈو سے ہوسکتا ہے۔ تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ ٹیکسی کے دوران ایمرجنسی ایگزٹ کیسے کھولا گیا اور یہ کہ کیا  طیارے کے اندر عملہ نے ہوا بازی کے حفاظتی طریقہ کار پر عمل کیا تھا یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختونخوا:محکمہ ایریگیشن کی مبینہ غفلت، سمال ڈیم کا سپل وے بغیر اطلاع کھولنے سے شہری جاں بحق