کراچی میں اسلحہ سپلائی نیٹ ورک بے نقاب، 100 سے زائد جدید ہتھیار برآمد، مرکزی ملزم گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مبشر حسین)کراچی میں بین الصوبائی اسلحہ سپلائی اور فروخت میں ملوث بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے پولیس نے اہم کارروائی میں ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ 100 سے زائد جدید ہتھیار برآمد کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی پولیس نے رحمان کالونی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحہ سپلائی میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کی شناخت راشد ولد الطاف کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے گھر سے 100 سے زائد مختلف اقسام کا جدید اسلحہ، ایمونیشن، اسپیئر پارٹس اور پنچنگ ڈائیز برآمد کی گئیں، برآمد شدہ اسلحہ میں 12 بور ریپیٹر، 12 بور رائفلز، 30 بور کلوز بٹ MP5، رائفل M4 اور 12 بور لانگ بٹ رائفل شامل ہیں۔
مزید برآمدگی میں 12 بور ترکی میڈ رائفل، 12 بور OLT میڈ رائفل، 7 ایم ایم رائفلز، نائن ایم ایم پسٹلز، 30 بور پسٹلز اور 30 بور MP5 بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:حب ندی میں پکنک منانے کیلئے جانے والے 3نوجوان ڈوب گئے
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ مختلف شہروں سے غیر قانونی اسلحہ لا کر اپنے گھر میں ذخیرہ کرتا اور بعد ازاں اسے فروخت کرتا تھا، حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔