آج ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جا رہی ہے

May 03, 2022 | 10:49:AM
عیدالفطر منائی جا رہی ہے، فائل فوٹو
کیپشن: عیدالفطر منائی جا رہی ہے، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔پاکستان بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے اجتماعات منعقد ہوئے اور نماز عید کے بعد امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے جاتی امرا لاہور میں عید کی نماز ادا کی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی ان کے ساتھ ہی نماز عید ادا کی۔

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی، نماز عید کے بعد لوگوں سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔

کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا سرکاری اجتماع پولو گراؤنڈ میں ہوا جس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، ایم کیوایم رہنما خالد مقبول صدیقی، عامر خان اور وسیم اختر سمیت مختلف اداروں کے سربراہان اور معززین نے نماز عید ادا کی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں نماز عید پڑھائی جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں نماز عید ادا کی۔