بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
( بسیم افتخار) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
بانی پاکستان کے یوم وفات کے موقع پر مزار قائد پر اعلیٰ سرکاری حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد حاضری دے کر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
گورنرسندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی،انہوں نے مزار قائد پر پھول رکھےاور فاتحہ خوانی کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اورگورنرسندھ مرادعلی شاہ نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے بانی پاکستان کوشاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہونے والے قائداعظم محمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر سے حاصل کی اور 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ روانہ ہوئے جہاں 1896 میں بیرسٹری مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئے۔
وطن واپسی کے بعد قائداعظم نے عملی سیاست کا آغاز کیا اور 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شامل ہوئے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہیں برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی حقوق اور مفادات کے حوالے سے کانگریس کی پالیسیوں پر تحفظات پیدا ہوئے جس کے بعد1913 میں انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور ایک عرصے تک کانگریس اور مسلم لیگ کے درمیان سیاسی تعاون کی کوششیں بھی جاری رکھیں۔
قائداعظم کی مدبرانہ قیادت، سیاسی جدوجہد اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے مطالبے نے عملی شکل اختیار کی اور 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا،قیام پاکستان کے بعد قائداعظم ملک کے پہلے گورنر جنرل بنے، وہ ایک مضبوط، منظم اور جمہوری پاکستان کی تعمیر کے خواہاں تھے ،تاہم علالت نے انہیں زیادہ عرصہ کام کرنے کا موقع نہ دیا۔
قائداعظم محمد علی جناح 11 ستمبر 1948 کو وفات پاگئے اور قوم اپنے عظیم رہنما سے محروم ہوگئی۔