نیپا حادثے کی ذمہ دار نجی سٹور انتظامیہ اور بی آر ٹی ہیں ، تحقیقاتی رپورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا کے قریب بچے کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے نیپا فلائی اوور کے قریب نجی سٹور کے سامنے بچے کے گٹر میں گرنے کے واقعے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ سیکرٹری محکمہ بلدیات کو بھجوا دی ہے، جس میں بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیرات کو حادثے کی وجہ قرار دے دیا گیا۔
سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ معائنے میں ثابت ہوا کہ حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں، بی آر ٹی منصوبے کی کھدائی کے باعث نالے کے پورے نکاسی کے نظام کوشدید نقصان پہنچایا، عارضی دو فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہول کھلا رہنے سے سانحہ ہوا، یہ طریقہ کار اور غیر معیاری ڈھکن کبھی کے ایم سی نے استعمال نہیں کئے۔
یہ بھی پڑھیں:’’قانون سب کیلئےبرابر‘‘مہم :6 دنوں میں 2600 پولیس اہلکاروں کے چالان
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ نہیں کیا، کھدائی بی آر ٹی نے کی اور بعد میں صورتحال کو نظرانداز کیا، نجی سٹور انتظامیہ اور بی آر ٹی کی مشترکہ وجہ سے بچہ گٹر میں گرا۔
واضح رہے نیپا چورنگی کے قریب اتوار کی رات 3 سالہ ابراہیم نجی ڈیپارٹمنٹل سٹور کے باہر گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گیا تھا۔
۔۔۔۔