پنجاب میں سیلاب کی مجموعی صورتحال  بہتر ،حالات کنٹرول میں ہیں:عظمیٰ بخاری

Sep 02, 2025 | 12:54:PM
 پنجاب میں سیلاب کی مجموعی صورتحال  بہتر ،حالات کنٹرول میں ہیں:عظمیٰ بخاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیرِاطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی مجموعی صورتحال قدرے بہتر ہے، انتظامیہ کی کارروائیوں سے حالات کنٹرول میں ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِاطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ دباؤ تریموں ہیڈ ورکس پر ہے جہاں پانی کی سطح بلند ہے، تاہم دیگر تمام مقامات پر پانی نیچے کی جانب جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کا ایک اور سلسلہ کل سے شروع ہو چکا ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی جاری ہے اور یہی صورتحال دونوں جانب ایک ڈبل چیلنج کی شکل اختیار کر چکی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے خود تریموں کا دورہ کیا جہاں انہیں حالات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ موجود ہے جس کے پیش نظر محکمہ صحت اور دیگر ادارے الرٹ ہیں، متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو فوری طور پر ریسکیو بھی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہیڈ محمد والا پر صورتحال نازک ہے جہاں ممکنہ خطرے کے پیش نظر ٹریفک بند کر دی گئی ہے اور بریچ کرنے کے امکانات کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے، موجودہ حالات میں سیاست سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کے ساتھ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودیہ :ٹریفک خلاف ورزیوں پر 7 ہزار 304 موٹر سائیکلیں ضبط

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام صوبے اپنی ذمہ داری کا احساس کر رہے ہیں، پہلی بار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امین گنڈاپور کی جانب سے ڈیمز کے حوالے سے مثبت بات سننے کو ملی، جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانے کیلئے ڈیمز کی تعمیر پر سنجیدگی سے فیصلے کرنے ہوں گے، فی الحال پنجاب میں ریلیف آپریشن کے سوا کوئی اور کام نہیں ہو رہا، حکومت کی اولین ترجیح متاثرین کو دوبارہ ان کے گھروں میں بسانا ہے اس کے بعد ہی دیگر کاموں پر توجہ دی جائے گی۔