انسانی سمگلروں سے بازیابی کے بعد 10مغوی پاکستانی سفارتخانے پہنچ گئے

Jun 02, 2025 | 23:09:PM
انسانی سمگلروں سے بازیابی کے بعد 10مغوی پاکستانی سفارتخانے پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انورعباس)10 مغوی پاکستانی بازیابی کے بعد تہران میں پاکستانی سفارتخانے پہنچ گئے،ایران  میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے مغوی پاکستانیوں کا استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق ان پاکستانیوں کو یورپ پہنچانے کا جھانسہ دے کر اغوا کیا گیا تھا،اغوا کاروں نے اپنے قید میں ان مغویوں کی آزادی کے بدلے زر تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

اغوا کاروں نے ان مغویوں کو بھیانک تشدد کا نشانہ بھی بنایا،ایرانی پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کے بعد ان مغوی پاکستانیوں کو آزاد کرایا۔

اغوا کار انسانی سمگلروں کے چنگل سے بازیابی کے بعد مغوی پاکستانی ایران میں پاکستانی سفارت خانہ پہنچ گئے،ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاکہ آج میں نے ان پاکستانیوں کا سفارتخانے میں استقبال کیا جو انسانی سمگلروں کے ہاتھوں اغوا ہو گئے تھے،ان سمگلروں کا تعلق پاکستان اور ایران دونوں ممالک سے تھا۔ 

پاکستانی سفیر کاکہنا تھا کہ ان متاثرہ افراد کی داستانیں سن کر دل دہل گیا،ان پر ظلم، تشدداور ذہنی اذیت کے پہاڑ توڑے گئے،میں اپنے تمام ہم وطنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ انسانی سمگلروں کے جھانسے میں نہ آئیں۔

یہ بھی پڑھیں:جنگ کے بعد مثبت تبدیلی ،بھارت نے پاکستان میں کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی

مدثر ٹیپو کاکہناتھا کہ سفارتخانہ ان متاثرین کے ساتھ عزت، ہمدردی اور احترام سے پیش آیا،ہم ان کی بحفاظت واپسی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

ان کاکہناتھا کہ حکومتِ ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے انسانی سمگلروں کے خلاف مؤثر پولیس کارروائی کی،اس کارروائی کے نتیجے میں دس پاکستانی شہریوں کو بازیاب کروایا گیا،تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں اور سفارتخانے کی حفاظت میں ہیں،ہم ان پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہاکہ میں اپنے ہم وطنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ انسانی سمگلنگ اور اس مکروہ دھندے کی مذمت کریں،عوام جھوٹے وعدوں پر یقین نہ کریں اور انسانی سمگلروں کے چنگل میں نہ پھنسیں۔ان کاکہناتھا کہ ایرانی پولیس نے اس گھناؤنے عمل میں ملوث مجرمانہ گروہوں کو گرفتار کر لیا ہے،پاکستان اور ایران کے درمیان انسانی سمگلنگ کے خلاف تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نامعلوم افراد نے معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو گھر میں گھس کر قتل کردیا

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - دنیا
ٹیگز: