سلیکٹڈ حکومت ویڈیو کی آڑ میں چیئرمین نیب کو بلیک میل کر رہی ہے۔۔ سعیدغنی

Jul 02, 2021 | 18:29:PM
سلیکٹڈ حکومت ویڈیو کی آڑ میں چیئرمین نیب کو بلیک میل کر رہی ہے۔۔ سعیدغنی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے قومی احتساب بیورو کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ویڈیو چیئرمین نیب کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی ایک ویڈیو حکومت کے پاس ہے جس پر انہیں نچایا جا رہا ہے، ویڈیو کی آڑ میں حکومت ان سے کیا کیا کروا رہی ہے، چیئرمین نیب سلیکٹڈ حکومت سے سر سے پاوں تک بلیک میل ہو رہے ہیں۔
 سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیب قانون کا سب سے غلط استعمال چیئرمین کررہے ہیں، چیئرمین نیب کی کارروائیوں کی وجہ سے لوگوں نے خودکشی کی، انہیں یہ عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔
صوبائی وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ میں حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہا ہوں، چیئرمین نیب کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہی ہے، میں کہہ رہا ہوں حلیم عادل کا نام ای سی ایل میں ڈالو تو انہیں تکلیف ہو رہی ہے، نیب کو خدشہ تھا کہ اینٹی کرپشن حلیم عادل کو گرفتار کر لے گی اس لئے کیس پر بیٹھ گئی۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیب نے مجھے دھمکی دی تھی، میں کہتا ہوں آکر دیکھیں مجھے، آپ غلط آدمی کےساتھ پنگا لے رہے ہیں پنگا نہ لیں، میں تو پہلی پیشی میں کہوں گا پورے سال کا ریمانڈ لے لو، جھوٹے مکاروں کا مقابلہ کروں گا۔
 انہوں نے نیب قانون کو سیاہ اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب نے جو بدمعاشی مچائی ہوئی ہے وہ نہیں چلے گی، نیب کی غیر قانونی دخل اندازی کی وجہ سے حکومتیں اپنا کام نہیں کر پا رہیں، نیب اور ملکی معیشت ساتھ نہیں چل سکتے، حکومت کو روز کے معاملات چلانے میں مشکلات آرہی ہیں۔
انہوں نے صحافی کے ایک سوال پر کہا کہ نیب کے قوانین میں اگر بہتر تبدیلی ہو سکتی ہے تو ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اعجاز جاکھرانی کی گرفتاری کے موقع پر نیب کے ساتھ جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اعجاز جاکھرانی نے بھی نیب اہل کاروں پر حملے کا نہیں کہا ہو گا۔
 سعید غنی کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، آصف زرداری اور اعجاز جاکھرانی کے ساتھ ناانصافی اور انتقامی کارروائی ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کو بڑا ریلیف مل گیا