وزیراعظم کی زیر صدارت دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق جائزہ اجلاس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول اور دانش یونیورسٹی انتہائی اہم قومی اثاثہ ہیں،انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کے لیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔
وزیراعظم نے مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ دانش سکولوں کا ڈیزائن علاقائی ثقافت سے ہم آہنگ ہونا چاہیے، جبکہ دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی میں تدریسی اور دیگر عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ پر کی جائے۔
وزیراعظم نے دانش سکولوں کی تعمیر کے حوالے سے تیز پیشرفت پر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ٹیم کی بھی پذیرائی کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں 27 دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش سکول کری اسلام آباد کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور سکول میں تدریس کا آغاز ہو چکا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ باغ، بھمبر، سلطان آباد، گانشے اور استور میں دانش سکولوں کی تعمیر تکمیل کے قریب ہے اور وہاں اپریل 2027 سے کلاسز کا آغاز ہو جائے گا۔
بریفنگ کے مطابق دانش یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ 2027 سے کلاسز کا آغاز ہوگا اور ملک بھر، بالخصوص پسماندہ علاقوں سے میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اور متعلقہ وزارتوں کی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی ، ہر ہفتے اجلاس کرے، وزیراعظم کی ہدایت