نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اور  متعلقہ  وزارتوں کی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی ، ہر ہفتے اجلاس کرے، وزیراعظم کی ہدایت

Jul 01, 2026 | 16:40:PM
 نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اور  متعلقہ  وزارتوں کی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی ، ہر ہفتے اجلاس کرے، وزیراعظم کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے  ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اورنگ زیب مون سون کی ممکنہ تباہی کی صورت میں ہنگامی فنڈ کی تشکیل کے لیے  ایمرجنسی رسپانس کمیٹی میں پیشگی تیاری مکمل کریں۔ 
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں کے دوران عوام کو نقصانات سے بچانے کی تیاری اور کلائمیٹ چینج اور ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے نظام پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں پرائم منسٹر ہاؤس میں ہوا۔

اس اہم اجلاس میں وزیراعظم نے یہ خصوصی ہدایت کی کہ  پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے وزیر  کی  نگرانی میں نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ وفاقی وزارتوں پر مشتمل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی تشکیل دی جائے جو صوبائی متعلقہ اداروں سے عملی تعاون کے لیے کام کرے گی۔وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ  ایمرجنسی رسپانس کمیٹی ہر ہفتے ملاقاتیں کرے گی ۔  

وزیراعظم شہباز نے یہ بھی ہدایت کی کہ غیر ملکی اداروں کی مالی معاونت سے چلنے والے منصوبے بھی قومی اور مقامی اداروں کی استعداد بڑھانے کے لیے استعمال ہونے چاہییں.

 وزیراعظم شہباز شریف نے یاد دلایا کہ  پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ممالک میں شامل ہے ۔موسمی تغیرات کے قومی سطح کے خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر موثر اور جامع تعاون ناگزیر ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی اہم ملاقات  

اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا کہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی (کلائمیٹ چینج)،اور چئیرمین  نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(NDMA)  تمام صوبوں ،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کا اس ہفتہ ہنگامی دورہ کریں گے تاکہ مون سون کی پیشگی تیاری مکمل کی جا سکے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹ کیا کہ قومی آبی تحفظ و سلامتی کے لیے وفاقی حکومت نے اس سال مالی بجٹ میں آبی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے 330 ارب روپے کی اضافی رقم مختص کی ہے۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں اس سال مون سون میں ممکنہ سیلاب اور خطرات سے بچاؤ کے لیےاقدامات جامع روڈ میپ کے تحت ترتیب دیئے جائیں۔تمام صوبے مقامی سطح پر خطرے سے دو چار اضلاع میں دریاؤں کی گزرگاہوں اور سیلاب کی ممکنہ راستوں میں ناجائز تجاوزات اور دیگر مسائل کا پیشگی مؤثر حل یقینی بنائیں۔  مون سون کے دوران تمام ادارے اپنی مکمل ادارہ جاتی و تکنیکی استعداد کار کو عوام کی سہولت کے لیے استعمال کریں۔

پرائم منسٹر ہاؤس میں ہوئے اس اہم اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( NDMA) نے اس سال مون سون کی پیشگی تیاری اور ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال اور موسمیاتی تغیر کے رحجان پر بریفنگ دی۔

این ڈی ایم اے کے چئیرمین کی بریفنگ

این ڈی ایم اے کے چئیرمین نے بتایا کہ دنیا بھر میں اس سال گرمی کی شدید لہر اور غیر معمولی موسمیاتی تغیرات کے امکانات واضح ہیں۔ 

پاکستان میں بھی گرمی کی شدید لہر اور جولائی کے مہینے میں غیر معمولی بارشیں متوقع ہیں جن کے لیے مجوزہ حکمت عملی کے تحت تمام درکار انتظامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ 

اجلاس میں وفاقی وزیر  دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیئرمین واپڈا اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:  مریم مجرموں کو قرار واقعی سزادلوائیں گی، سانحہ کاہنہ ٹیوشن سنٹر پر میاں نواز شریف کا بیان