وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی اہم ملاقات
باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور بجٹ اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(رائودلشاد)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور بجٹ اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
اسپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی دو سالہ کارکردگی کو تاریخی اور بے مثال دور قراردیتے ہوئے زبردست خراجِ تحسین پیش کیااور پنجاب میں پہلی بار اضلاع اور تحصیل کی سطح پر الیکٹرک بسیں چلانے کے وزیر اعلی مریم نواز شریف کے اقدام کی بھرپور ستائش کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے بھی اسپیکر ملک محمد احمد خان کی پنجاب اسمبلی کے لیے خدمات کا اعتراف اور زبردست تعریف کی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اسپیکر کے اقدامات انتہائی شاندار ہیں،بہترین قانون سازی اور ایوان کو انتہائی احسن اور مدبرانہ انداز میں چلانے پر اسپیکر ملک محمد احمد خان کا کردار قابلِ فخر ہے،ہمارا واحد ہدف پنجاب کے ہر شہری تک ریلیف پہنچانا اور صوبے کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانا ہے،عوامی خدمت کا جو سفر ہم نے شروع کیا ہے، اس کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا-
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اس موقع پر کہاکہ پہلی بار وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ’’ ستھراپنجاب ‘‘پروگرام سے شہریوں کو صفائی اور بہترین ماحول کا آئینی حق فراہم کیا، ستھرا پنجاب اور 'اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو بین الاقوامی پذیرائی ملنا پنجاب کے لیے قابلِ فخر ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی پرفارمنس صرف باتوں تک نہیں، زمین پر بولتی نظر آ رہی ہے،انہوںنے پنجاب میں تیز ترین رسپانس اور گڈ گورننس کا ایک مثالی ماڈل قائم کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کی اپیل منظور،الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
ملک محمد احمد خان نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس عوامی امنگوں کا ترجمان اور صوبے کی ترقی کا سنگِ میل ثابت ہوگا، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات تاریخی ہیں،پنجاب میں خواتین کا خود کو محفوظ سمجھنا اور نوجوانوں کا مستقبل سے پُرامید ہونا مریم نواز شریف کی بڑی کامیابی ہے،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف دن رات عوامی خدمت کے لیے فیلڈ میں سرگرم عمل نظر آتی ہیں۔