ولایتی بوتلیں، دیسی شراب؛ سال کا آخری مقدمہ منشیات فروش خاتون پر بنا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پولیس نے نیو ائیرنائٹ پر ولایتی شراب کی بوتلوں مین دیسی شراب بھر کر بیچنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ درجنوں شوقین مزاج ولایتی کے دھوکے میں دیسی شراب پینے سے بچ گئے۔ یہ گرفتاری سال 2025 کا آخری مقدمہ بھی ثابت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق سال 2025ء کا آخری مقدمہ 31 دسمبر کی رات لاہور کے تھانہ بھاٹی گیٹ میں درج کر لیا گیا ۔
مقدمہ سب انسپکٹر خالد جاوید کی مدعیت میں خاتون منشیات فروش صائمہ بی بی کے خلاف درج کیا گیا ۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار کی گئی خاتون نےنئے سال کی رات کو فروخت کرنے کے لئے ولایتی شراب کی بوتلوں میں دیسی شراب بھر کر رکھی ہوئی تھی۔ اس خاتون منشیات فروش سے نیو ائیر نائٹ کے موقع پر 80 بوتل شراب برآمد ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ سے برآمد ہونے والی بوتلیں ولایتی شراب کی تھیں، ان کے اندر دیسی شراب بھری ہوئی تھی۔
ملزمہ نے دیسی شراب ولایتی بوتلوں میں بھر کر مہنگے داموں فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔