نامور اداکار 71 برس کی عمر میں دنیا چھوڑ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)مشہور امریکی ڈرامہ سیریز ’دی وائر‘ اور سیاسی طنزیہ شو ’ویپ‘ میں اپنی شاندار اداکاری کے لیے مشہور امریکی اداکار عیسیٰ وٹلاک 71 برس کی عمر میں چل بسے۔
ان کے انتقال کی تصدیق ان کے منیجر برائن لیبمین نے کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نیویارک میں ایک مختصر علالت کے بعد وفات پا گئے، عیسیٰ وٹلاک کو خاص طور پر دی وائر میں بدعنوان ریاستی سینیٹر کلی ڈیوس کے کردار سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔
وہ اس سیریز کے پانچوں سیزنز میں مجموعی طور پر 25 اقساط میں نظر آئے اور اپنے جاندار مکالموں اور منفرد اندازِ اداکاری کے باعث ناظرین میں بے حد مقبول رہے۔
مشہور فلم ساز اسپائک لی نے اپنے دیرینہ ساتھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ میں انہیں اپنی پوری زندگی یاد رکھوں گا۔
عیسیٰ وٹلاک فلم ساز اسپائک لی کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کر چکے تھے جن میں شی ہیٹ می (2004)، ریڈ ہُک سمر (2012)، چی-ریک (2015)، بلیک کلانس مین (2018) اور ڈا فائیو بلڈز (2020) شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:گاڑی مالکان کیلئے اہم خبر،آج آخری روز.......
انڈیانا کے شہر ساؤتھ بینڈ میں پیدا ہونے والے وِٹلاک نے فٹ بال کیریئر انجری کے باعث ترک کرنے کے بعد ساؤتھ ویسٹ منی سوٹا اسٹیٹ یونیورسٹی سے تھیٹر کی تعلیم حاصل کی، بعد ازاں وہ سان فرانسسکو منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے اسٹیج تھیٹر میں کام کا آغاز کیا۔
انہوں نے 1980 کی دہائی کے آخر میں ٹیلی وژن پر چھوٹے کرداروں سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا جن میں کیگنی اینڈ لیسی شامل ہے جبکہ فلمی دنیا میں انہوں نے گڈفیلاز اور گریملنز 2: دی نیو بیچ جیسی فلموں میں مختصر مگر یادگار کردار ادا کیے۔
دی وائر کے بعد عیسیٰ وٹلاک HBO کی مشہور سیاسی طنزیہ سیریز ویپ کا حصہ بنے، جہاں انہوں نے تین سیزنز تک سیکریٹری آف ڈیفنس جارج میڈوکس کا کردار نبھایا، جو صدارتی امیدوار سیلینا میئر کے سخت حریف کے طور پر سامنے آیا۔