تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش:محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہرکیاگیاہے۔
اس دوران کشمیر،خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
لاہور میں آندھی، اسلام آباد، راولپنڈی،کھاریاں اور سیالکوٹ میں بھی بارش ہوئی،بارش کی وجہ سے متعدد علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی بند ہوگئی،سوات کے بالائی علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی، مردان شہر اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلتی رہیں۔
بٹ خیلہ، ہری پور اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، دوسری جانب اسلام آباد، راولپنڈی میں ژالہ باری اورطوفان کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرارہے اورآج بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ پارہ آج 41 ڈگری تک جاۓ گا،شہرمیں اس وقت موجودہ درجہ حرارت 33ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 36ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سمت سے 15کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب50 فیصد سے کم ہے-
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے
محکمہ موسمیات کے ماہرین نے شہریوں سے کہاہے کہ وہ دوپہر 11 سے 3 بجے تک گھروں سے غیر ضروری نہ نکلیں، گرمی کی شدت سے بچنے کےلیے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں۔
دوسری طرف لاہور میں رات گئے آندھی اور تیز ہواچلنے سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اورآئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41ڈگری تک جانے کا امکان جبکہ شہر میں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی،ہوا میں نمی کا تناسب 41 فیصد ریکارڈ کیا گیاہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملیشیا نے بھارت سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی لگا دی
دوسری طرف خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں طوفان اور موسلادھار بارش نے تباہی مچادی دی، آسمانی بجلی گرنے،دیوار اور چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے،مردان کے علاقے تخت بھائی میں کمرے کی چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق ہوگئیں جبکہ دیگر مقامات میں دیوار اور چھتیں گرنے سے 3 بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔
مہمند کی تحصیل صافی خانقاہ ماربل درنگ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ اٹک خضرو کے گاؤں بہادر خان میں آسمانی بجلی گرنے سے مدرسے کا طالب علم جاں بحق ہوگیا،بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے متعدد شاہراہوں پر درخت گرنے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے مون سون کے پہلے حصے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں سیلاب کاخدشہ ظاہرکردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ پنجاب کے شمال مشرقی علاقوں اور کشمیر میں زائد بارشیں، شمالی خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان میں معمول کے مطابق یا معمول سے کچھ کم بارشوں کاامکان ہے، موسلادھاربارشیں بڑے دریاؤں میں سیلاب کا باعث بن سکتی ہیں جبکہ درجہ حرارت میں تغیرات کی وجہ سے تیز ہوائیں، گرد آلود طوفان اور ژالہ باری ممکن ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوااور گلگت بلتستان میں زیادہ درجہ حرارت سے برف پگھلنے کی رفتاربڑھ سکتی ہے، برف پگھلنے سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوسکتی ہے، تاہم زائد بارشوں کے باعث آب پاشی اور توانائی کے شعبوں کیلئے وافر پانی دستیاب ہوگا،بارشیں آبی ذخائر اور زیرِ زمین پانی کے وسائل کی بحالی میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:خانیوال ریلوے سٹیشن پر مسافر پل گرگیا،ملازم جاں بحق ، 3 افسران معطل
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی پنجاب،آزادجموں و کشمیراور خیبرپختونخوا میں سیلاب کا خطرہ ہے لہٰذا صوبائی اور ضلعی سطح پر ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو فعال کیا جائے، مون سون کے دوران ریسکیو اور امدادی ٹیموں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر انخلا اور بروقت پیشگی انتباہ کے لیے رابطہ ممکن بنایا جائے جبکہ شہری شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
جولائی سے ستمبر تک ملک میں اوسط درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے،اس دوران کشمیر، گلگت، بلتستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔