امریکا، ایران سے رابطے برقرار، پاکستان خطے میں امن کیلئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے: دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے، وزیراعظم کے ایران، سعودی عرب، قطر سمیت دیگر ممالک کی قیادت سے رابطے ہوئے ہیں۔
نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے صدر نے وزیر اعظم پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا، ترکیہ پاکستان کی امن کوششوں کی مسلسل حمایت کر رہا ہے، وزیر اعظم نے ایران کا وفد اسلام آباد بھیجنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے بھی رابطہ ہوا، شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کی پاکستان کیلئے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں، دونوں ممالک سٹریٹجک دفاعی شراکت دار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، قطری قیادت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا، وزیر اعظم سے یورپی کونسل کے صدر کی بھی بات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں شرح سود کو بڑھانے کی تھیوری ناکام دکھائی دے رہی ہے:گوہر اعجاز
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں تمام فریقین سے رابطے جاری ہیں، امریکا اور ایران کے ساتھ سفارتی رابطے مسلسل برقرار ہیں، پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات پر مبنی سفارتکاری پر یقین رکھتے ہیں۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان صومالی لینڈ کو صومالیہ کا حصہ تصور کرتا ہے، پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ افغانستان سے سرحد پار فائرنگ اور گولہ باری کی مذمت کرتے ہیں، ماضی میں بھی ایسے واقعات میں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، متاثرہ خاندانوں سے مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، متاثرین کی مدد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔