پروین بابی شادی شدہ تھیں: مہیش بھٹ کااہم انکشاف
وہ ٹائم میگزین کے سرورق کی زینت بننے والی پہلی بھارتی اداکارہ تھیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف بھارتی فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر مہیش بھٹ نے بالی ووڈکی معروف اداکارہ پروین بابی کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی شدہ تھیں اور ان کے شوہر پاکستان چلے گئے تھے۔
پروین بابی کاشماراپنے دورکی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں ہوتاتھا، تاہم وہ ذہنی بیماری شیزوفرینیا سے نبرد آزما تھیں،ان کی زندگی اورموت دونوں ہی ٹریجڈی اوراسرارسے عبارت تھے،امیتابھ بچن نے جیا اور ریکھا کے بعد پروین بابی کے ساتھ سب سے زیادہ فلموں میں کام کیا،دونوں تیرہ سے زیادہ فلموں میں ہیرو اورہیروئن تھے۔

پروین بابی”ٹائم“ میگزین کے سرورق کی زینت بننے والی پہلی بھارتی اداکارہ تھیں، فلم بینوں کی ”ہارٹ تھروب“پروین بابی کے ساتھ مہیش بھٹ کے علاوہ کبیربیدی اورامیتابھ بچن کانام بھی آتارہاہے،مہیش بھٹ نے پروین بابی کے ساتھ اپنے افیئر کو 1982ءمیں اپنی فلم”ارتھ“ کا موضوع بنایاتھا،تاہم عدم تحفظ کے احساس نے اسے لوگوں پر شک کرنے کا عادی بنا دیا تھا،انہوں نے عدالت میں ایک مقدمہ دائر کرکے تہلکہ مچا دیاتھا کہ کچھ عالمی شخصیات اور امیتابھ بچن انہیں قتل کرنا چاہتے ہیں،وہ ایک باغی خاتون تھیں،انہوں نے اپنی شرائط پر زندگی جی اور اپنی شرائط پرہی ختم کر لی.

ایک حالیہ انٹرویو میں 76 سالہ مہیش بھٹ نے جونا گڑھ کے شاہی خاندان کی رکن پروین بابی کے ساتھ اپنے رومانوی تعلقات پر کھل کر گفتگو کی اور انکشاف کیا کہ پروین بابی نے ایک بار شادی کی تھی، جس کے بارے میں کافی بعد میں مجھے بتایا تھا۔
مہیش بھٹ نے اس انٹرویومیں بتایاکہ جب وہ ایک بار پاکستان میں کارا فلم فیسٹول میں شرکت کے لیے گئے تووہاں انھیں بتایا گیا کہ یہاں ایک شخص موجود ہیں جوپروین بابی کے شوہر ہیں اوروہ ان سے ملنا چاہتے ہیں،لیکن میں ان سے مل نہ سکا، میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ میں ان سے ملنا نہیں چاہتا تھا لیکن ایسا کسی وجہ سے ہو نہ سکا۔ میں سوچتا رہا کہ وہ مجھ سے کیوں ملنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ پروین بابی اور مہیش بھٹ کی ملاقات 1977 میں اس وقت ہوئی جب پروین بابی اپنے فلمی کیریئرکے عروج پر تھیں، تاہم تین سال بعد دونوں کے درمیان بریک اپ ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:اداکارہ کومل میروکیل بن گئیں،کانووکیشن کی تصاویرشیئرکردیں
پروین بابی 2005 میں 55 برس کی عمر میں ممبئی میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔