24 نیوز کشمور کے رپورٹر زبیر احمد کلواڑ کے گھر پر حملہ،والدہ سمیت 7 افراد شدید زخمی

May 29, 2026 | 09:30:AM
 24 نیوز کشمور کے رپورٹر زبیر احمد کلواڑ کے گھر پر حملہ،والدہ سمیت 7 افراد شدید زخمی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زبیر احمد کلواڑ) 24 نیوز کے رپورٹر زبیر احمد کلواڑ کے گھر پر رات گئے مسلح افراد نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کشمور میں 24 نیوز کے رپورٹر زبیر احمد کلواڑ کے گھر پر رات گئے 25 سے زائد مسلح ملزمان نے دھاوا بول دیا، حملہ آوروں نے گھر میں گھس کر تشدد اور فائرنگ کی، جس کے باعث صحافی کی والدہ، ماموں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد زخمیوں کو مقامی افراد کی مدد سے فوری طور پر سول ہسپتال کشمور منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزمان واردات کے بعد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے باآسانی فرار ہوگئے، جبکہ واقعے کے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود پولیس کسی بھی ملزم کو گرفتار نہ کرسکی۔

 یہ بھی پڑھیں:خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، علاقے کی فضاسوگوار

صحافی زبیر احمد کلواڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ حملے میں ملوث افراد بااثر ہیں، اسی لیے پولیس کارروائی سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کی اور ان کے اہلخانہ کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور ملزمان دوبارہ بھی حملہ کرسکتے ہیں۔

صحافی نے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے فوری نوٹس لینے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس حکام کی جانب سے واقعے سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔